Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین کورونا وائرس سے زیادہ خوفزدہ کیوں؟

مردوں کے مقابلے میں خواتین نے زیادہ شاپنگ کی (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی عرب میں رائے عامہ کے نئے جائزے میں کہا گیا ہے کہ 96 فیصد سعودی شہری گھروں سے ماسک پہن کر نکل رہے ہیں جبکہ 88 فیصد گھر سے نکلتے وقت ایک سے زیادہ احتیاطی تدابیر کی پابندی کررہے ہیں۔ 37 فیصد سے زیادہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ سکول نئے تعلیمی سال کے شروع میں کھل جائیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق رائے عامہ کا جائزہ ڈی آر سی نامی ادارے نے تیار کیا ہے۔ یہ ادارہ سعودی عرب سمیت جی سی سی ممالک میں مارکیٹ سروے اور مختلف تبدیلیوں سے متعلق معلومات کے تجزیے کرتا ہے۔ 
ڈی آر سی کے جائزے میں بتایا گیا ہے کہ 25 فیصد سعودیوں کو توقع ہے کہ ماہ رواں کے دوران ہی حالات معمول پر آجائیں گے جبکہ اس حوالے سے ستمبر کی توقع ظاہر کرنے والوں کا تناسب 38 فیصد تک کا ہے۔ 

سروے کے مطابق 96 فیصد سعودی شہری گھروں سے ماسک پہن کر نکل رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

جائزے سے پتا چلا ہے کہ عمر کے چوتھے عشرے سے تعلق رکھنے والی خواتین کورونا وائرس سے بہت زیادہ خوفزدہ ہیں۔ ان میں تشویش کا تناسب غیرمعمولی ہے۔ یہ وہ خواتین ہیں جو ملازمتیں کررہی ہیں۔ 
ڈی آر سی کے بانی اور چیئرمین ولید السلیمان نے سعودیوں کے طرز معاشرت سے متعلق کیے جانے والے رائے عامہ کے جائزے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں یہی کہوں گا کہ بامقصد سرگرمیاں اختیار کریں۔ حالات معمول پر آنے کی توقع فطرت کےعین مطابق ہے اس میں کوئی قباحت نہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ کبھی خواہشات زمینی حقائق سے میل نہیں کھاتیں۔ اپنی صحت کا خیال رکھیں اس سے ذہنی صحت پر بھی اچھا اثر پڑے گا۔ 
جائزے میں بتایا گیا ہے کہ کرفیو اٹھانے کے بعد سعودیوں نے اپنے رشتہ داروں، دوست احباب سے ملنے ملانے کا سلسلہ بڑھایا ہے۔ ملنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی کے ساتھ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بیشتر سعودی اپنے خالی اوقات سیر گاہوں اور کھلے مقامات میں گزارنے لگے ہیں۔ 

سروے میں کہا گیا ہے کہ 88 فیصد زیادہ سامان گھروں میں محفوظ کیے ہوئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

جائزے سے  یہ بھی پتا چلا ہے کہ عوام نے تھوک فروشوں سے سامان بھاری مقدار میں ذخیرہ کیا ہے۔ ضرورت سے 88 فیصد زیادہ سامان گھروں میں محفوظ کیے ہوئے ہیں۔ ہاتھ دھونے کے لیے صابن، گھر کی صفائی میں استعمال ہونے والی اشیا بڑی مقدار میں خریدی گئیں۔ مردوں کے مقابلے میں خواتین نے زیادہ شاپنگ کی۔  
37 فیصد سعودیوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ سکول اور کالج بہت جلد طلبہ کے لیے کلاس رومز کے دروازے کھول دیں گے جبکہ دو ماہ قبل 46 فیصد مقامی شہریوں نے توقع ظاہر کی تھی کہ دو ماہ کے اندر حالات معمول پر آجائیں گے۔ کم عمر کے شہری اگست کے مہینے میں حالات معمول پر آنے کے خواہش مند ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کی عمریں 20 سے 39 سال کے درمیان ہیں۔
رائے عامہ کے جائزے میں 1538 سعودیوں کو شامل کیا گیا۔ ان کی عمریں 20 سے 69 برس کے درمیان ہیں۔ سوالات انٹرنیٹ کے ذریعے کیے گئے۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: