Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب دنیاکا پہلا جوہری پلانٹ گرڈ سے منسلک

جوہری پلانٹس سے امارات کی ایک چوتھائی بجلی کی ضرورت پوری ہوگی۔ فوٹو وام
متحدہ عرب امارات پہلی مرتبہ جوہری پلانٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے جس سے بجلی کی ضرورت پوری ہونے میں مدد ملے گی۔
عرب نیوز کے مطابق کئی حفاظتی ٹیسٹ کرنے کے بعد بدھ کے روز عرب امارات کو جوہری پلانٹ نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ 
عرب دنیا میں پہلی مرتبہ کوئی ملک جوہری توانائی کے ذریعے بجلی پیدا کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔
امارات کے براکہ جوہری توانائی پلانٹ کے یونٹ ون پر یکم اگست سے کام شروع ہوا تھا۔
اماراتی نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کے سربراہ محمد ابراہیم کا کہنا ہے کہ ’یونٹ ون کو محفوظ اور کامیاب طریقے سے نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کر کہ ہمارے مشن پر عمل درآمد کا آغاز ہو گیا ہے جس کے تحت قوم کی ترقی کو مزید تقویت ملے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں اپنی قوم اور ٹیکنالوجی پر مکمل اعتماد ہے، کمرشل منصوبوں میں مزید ترقی کریں گے۔‘
محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ باقی تین یونٹس بھی مکمل ہو جائیں گے، اگلے 60 سالوں تک 25 فیصد بجلی کی ضرورت ان چار جوہری پلانٹس کے ذریعے پوری ہو سکے گی۔
یونٹ ون کے گرڈ سٹیشن سے منسلک ہونے کے بعد بجلی رہائشی علاقوں اور دفاتر کو مہیا کی جائے گی۔ 
براکہ جوہری توانائی پلانٹ کے یونٹ ون کا کامیابی سے آغاز امارات نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کی ذیلی کمپنی نواح انرجی کمپنی نے کیا تھا۔
متحدہ عرب امارات صاف اور محفوظ بجلی پیدا کرنے کے لیے جوہری توانائی پلانٹ چلانے والا عرب دنیا کا پہلا اور دنیا کا 33 واں ملک ہے۔

شیئر: