Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات : کورونا سے ایک خاندان کے 5 افراد کے ہلاک ہونے کی تردید

گزشتہ 24 گھنٹے میں 391 کیسز کی تصدیق ہوئی(فوٹو، سوشل میڈیا)
اماراتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے مزید 82 ہزار 191 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 391 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
 اماراتی نیوز ایجنسی ’وام ‘ نے وزارت صحت کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ نئے مریضوں کی تشخیص کے بعد ملک میں اس وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 66 ہزار 193 ہوگئی۔
وزارت نے کورونا وائرس سے متاثرہ ایک شخص ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد اس وباء سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 370 ہوگئی ۔
کووڈ 19 سے ایک روز کے اندر 143 افراد صحتیاب ہوئے جس کے بعد اب تک اس مہلک بیماری سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 58 ہزار 296 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط کا ہر طرح سے خیال رکھیں اور سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس مہلک وائرس سے بچاو ممکن ہو سکے۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات میں نیشنل ایمرجنسی اتھارٹی کی جانب سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی کورونا سے ہلاکت کی تردید کی ہے۔
 ٹی وی چینل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ 

سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔(فوٹو اے ایف پی) 

اماراتی اخبار ’امارات ٹوڈے ‘ کے مطابق سوشل میڈیا پر کسی نجی ٹی وی رپورٹ کے حوالے سے وائرل ہونے والی رپورٹ کے سبب امارات میں کافی بے چینی پھیل گئی تھی جس میں کہا جارہا تھا کہ ایک ہی خاندان کے 5 افراد کووڈ 19 سے ہلاک ہو گئے۔ 
اماراتی قومی کمیٹی برائے ہنگامی حالات و امداد کی جانب سے کہا گیا کہ تحتقیقات کی جارہی ہیں۔ معاملہ قانونی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے جہاں ان امور کی تفتیش کی جارہی ہے کہ افواہ کس طرح پھیلائی گئی۔

شیئر: