Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: غیر قانونی تارکین کے لیے مہلت

واپسی کے لیے دی جانے والی مہلت نومبرتک جاری رہے گی (فوٹو: سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات میں حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپسی کے لیے 3 ماہ کی مہلت دینے کا اعلان کیا ہے۔ دی جانے والی مہلت میں جانے والوں پر کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔
اماراتی نیوز ایجنسی ’وام‘ کے مطابق اماراتی فیڈرل اتھارٹی برائے شہریت و شناخت کا کہنا ہے کہ اقامہ اور رہائشی قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب غیرملکیوں کے لیے دی جانے والی مہلت کا آغاز 18 اگست سے کیا گیا ہے جو 17 نومبر 2020 کو ختم ہو جائے گی۔

مہلت سے استفادہ کرنے والوں پر جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا (فوٹو: سوشل میڈیا)

ادارہ اقامہ و شہریت میں غیر ملکیوں کے امور نگران جنرل راکان الراشدی نے کہا ہے کہ ایسے غیر ملکی جو غیر قانونی طور پر امارات میں مقیم ہیں دی جانے والی مہلت کے دوران امارات سے جائیں گے ان پر کسی قسم کا جرمانہ نہیں ہو گا اور نہ ہی انہیں بلیک لسٹ کیا جائے گا۔
جنرل راکان نے مزید کہا کہ وہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی جو ابوظبی ، شارجہ اور راس الخیمہ کے ایئر پورٹس سے  اپنے ملک جانا چاہتے ہیں انہیں چاہہے کہ وہ فلائٹ سے کم از کم 6 گھنٹے قبل ائیر پورٹ  پہنچیں جبکہ ایسے تارکین جو دبئی ایئرپورٹ کے ذریعے سے جانے کے خواہش مند ہیں وہ روانگی سے کم از کم 48 گھنٹے قبل ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ ڈیپوٹیشن سینٹر سے رجوع کریں۔
ادارے میں غیر ملکیوں کے امور کے نگران جنرل راکان کا مزید کہنا تھا کہ مہلت سے استفادہ کرنے والے اپنے پاسپورٹ اور کنفرم ٹکٹ کے ہمراہ فلائٹ سے قبل ایئر پورٹ پر پہنچیں تاکہ انہیں سفری امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ادارہ اقامہ و شہریت کی جانب سے مزید معلومات کے لیے ٹیلی فون نمبر 800453 مخصوص کیا گیا ہے جس پر ورکنگ ڈیز میں صبح 8 سے رات 10 بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے

شیئر: