Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طلبہ ہیکرز سے کمپیوٹر کیسے محفوظ رکھیں؟

مہم کامیاب بنانے کے لیے اساتذہ اور سرپرستوں کو رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (سی ای آر ٹی) کی جانب سے محفوظ کمپیوٹر کے استعمال سے متعلق ٹوئٹر اکاؤنٹ اور ویب سائٹ پر  ہدایات نامہ جاری کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے مملکت بھر میں تعلیمی ادارے بند ہیں اور اب نئے تعلیمی سال پر آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

منظور شدہ پلیٹ فارم کے ذریعے ای لرننگ کا عمل تیز کردیا گیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)

کمپیوٹر ماہرین کو خدشہ ہے کہ درس و تدریس کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ سائبر سکیورٹی پروٹوکول پر عمل کرنے میں ناکام رہنے سے ہیکرز کی جانب سے حملے کیے جا سکتے ہیں۔
نیشنل سائبرسکیورٹی اتھارٹی (این سی اے) کی زیر نگرانی کام کرنے والی ایمرجنسی رسپانس ٹیم  نے بتایا ہے کہ 'ایک سے زیادہ  نیٹ ورکس پر تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ ہیکرز کا نشانہ بن سکتے ہیں۔'

کوئی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے اصلی ہونے کی تحقیق کرلیں (فوٹو: عرب نیوز)

سکیورٹی اتھارٹی کی کمپیوٹر ٹیم نے طلبہ کو محفوظ پاس ورڈ کے ساتھ کمپیوٹر استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ لیکچرز، ہوم ورک اور ریسرچ کے لیے کسی بھی ویب سائٹ پر ڈبل چیک کریں۔
کوئی بھی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے اصلی ہونے کی تحقیق کرلیں، اس کے ساتھ جدید آپریٹنگ سسٹم کے ذریعے اینٹی وائرس سافٹ ویئر سے باقاعدگی سے کمپیوٹر اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔
کوئی بھی دوسری ہارڈ  ڈرائیو استعمال کرنے سے قبل باقاعدہ سکین کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔ نامعلوم ذرائع سے بھیجے گئے لنکس کھولنے یا اسے ڈاؤن لوڈ کرنے سے گریز کیا جائے۔
نیشنل سائبرسکیورٹی اتھارٹی (این سی اے) کی مشیر فاطمہ العقیل نے الاخباریہ سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سائبر سکیورٹی سے متعلق چلائی جانے والی مہم کا مقصد طلبہ ان کے سرپرست اور اساتذہ کو آن لائن پر محفوظ طریقوں سے کام کرنے سے آگاہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لیے طلبہ اور اساتذہ کا آن لائن تعلق رکھنا ضروری ہے لیکن ہمیں یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ انٹرنیٹ کی دنیا سائبر خدشات سے بھری ہوئی ہے۔ اس لیے صارفین کو ان خدشات سے مکمل آگاہ رہنے کی ضرورت ہے۔
فاطمہ العقیل نےاس بات کی جانب بھی اشارہ کیا ہے کہ ہیکرز حضرات مختلف پیغامات اور لنکس شیئرنگ کے ذریعے طلبہ کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش کریں گے۔
اساتذہ طلبہ سے انٹرنیٹ پر کلاسز کے دوران سائبر سکیورٹی نافذ کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتےہیں۔ اساتذہ طلبہ کو یہ تعلیم دیں کہ معمول سے ہٹ کر آن لائن نظر آنے والی کسی چیز پر ردعمل ظاہر نہ کریں اور ٹیکنیکل سپورٹنگ سٹاف کو مطلع کریں۔

زیادہ نیٹ ورکس پر تعلیم حاصل کرنے والے ہیکرز کا نشانہ بن سکتے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

ہم اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اساتذہ اور سرپرستوں کو رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ ان کے تعاون اور کوشش سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے آگاہی کا طریقہ کار ہر ایک تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل شیخ نے مملکت میں نئے تعلیمی سال کے ابتدائی سات ہفتوں کے لیے آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انٹرنیٹ کی دنیا سائبر خدشات سے بھری ہوئی ہے جس سے محفوظ رہنا ضروری ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے مکمل طور پر نمٹنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ مربوط پروگراموں کے ذریعے تبادلہ خیال کے بعد آن لائن تعلیم کا آغاز کیا گیا ہے۔
عالمی سطح پر کورونا وائرس کے بحران کے نتیجے میں سعودی عرب میں منظور شدہ پلیٹ فارم کے ذریعy ای لرننگ کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔
 آن لائن کلاسز Vschool.sa کے ذریعy شروع کی گئی ہیں۔ نصابی کورسز آئی ای این پلیٹ فارم کے ذریعے مملکت کے قومی تعلیم کے پورٹل پر مہیا کیے جائیں گے۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: