غیر مستحکم موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منگل کو بارش ہوئی۔ بعض مقامات پر درمیانے درجے اور دیگر مقامات پر موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ ریاض اور مشرقی ریجن کے جنوبی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں بدھ اور جمعرات کو درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا۔
الحصینی نے مزید کہا ہے کہ مکہ، مدینہ، عسیر، باحہ، جازان، نجران، عمان، یمن، جنوبی ریاض اور الشرقیہ میں کہیں بوندا باندی اور کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
دریں اثنا مکہ ریجن میں محکمہ شہری دفاع نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ غیر مستحکم موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کا خیال رکھیں۔
ترجمان کرنل محمد القرنی نے کہا کہ بارش متوقع ہے اور سیلابی صورت حال کے امکانات نظر آرہے ہیں۔