Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کے تِبت میں اربوں ڈالر کے منصوبے

چین نے نیپال میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رکھی ہے (فوٹو: سی ٹی جی این)
چین تِبت کے علاقے میں انفراسٹرکچر کے شعبے میں ایک ٹریلین یوان (146 ارب ڈالر) کی سرمایہ کاری کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو اس معاملے سے آگاہ تین ذرائع نے بتایا ہے کہ اس میں نئے اور پہلے سے اعلان کردہ منصوبے بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوب مغربی پسماندہ علاقے میں ترقیاتی سرگرمیوں میں اضافہ بیجنگ کی جانب سے انڈیا کے ساتھ جاری سرحدی تناؤ کے دوران علاقے میں سکیورٹی کی صورت حال کو سخت کرنے کا ارادہ ظاہر کرتا ہے۔
گذشتہ ہفتے تبت میں گورننس کے موضوع پر حکمران کمیونسٹ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں صدر شی جِن پِنگ نے صفِ اول کے حکام کی کامیابیوں کو سراہا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں اتحاد کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی زنہوا کے مطابق انہوں نے کہا کہ علاقے میں انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبے اور عوامی سہولیات کی سکیمیں مکمل کی جائیں گی جن میں سیشوان تبت ریلوے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعمیراتی منصوبے میں بلندی پر سیشوان تبت ریلوے کا درمیانی سیکشن بھی شامل ہے، نیپال اور تبت کے درمیان ریلوے لائن ہمیشہ سے منصوبہ بندی کے مرحلے میں شامل رہی ہے۔
’اس کے علاوہ تبت کے خودمختار علاقے میں ایک نئی خشک بندرگاہ کی تعمیر بھی منصوبہ بندی میں شامل ہے۔‘
ذرائع کا کہنا ہے کہ چینگ ڈو کو لہاسہ سے ملانے والے سیشوان تبت ریلوے کے مشکل ترین سیکشن پر کام کا آغاز آئندہ چند ہفتوں میں ہو جائے گا۔

رواں برس جون میں چین اور انڈیا کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی تھیں (فوٹو: اے ایف پی)

دو سو ستر ارب یوان کا یہ ریلوے سیکشن پیچیدہ ارضیات اور علاقے کی وجہ سے تعمیرات کے لیے مشکل سمجھا جاتا ہے۔ خصوصاً وہ حصہ جو جنوب مغربی تبت میں انڈیا کی سرحد کے قریب سیشوان کے یان شہر کو ننگشی کو ملاتا ہے۔
بیجنگ کھٹمنڈو اور تبت کے دوسرے بڑے شہر شگاتسے کو ملانے والی ریلوے لائن کو بھی آگے لے جانا چاہتا ہے۔
یہ منصوبہ 2018 میں چین اور نیپال کے درمیان ہونے والے کئی معاہدوں میں سے ایک ہے۔
نیپال، چین اور انڈیا کے درمیان ایک بفر ہے جسے نئی دہلی اپنا قدرتی اتحادی سمجھتا ہے، تاہم چین نے دنیا کے غریب ترین ممالک میں سے ایک سمجھے جانے والے اس ملک میں مالی امداد اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے ذریعے مداخلت کا راستہ ڈھونڈا ہے۔
رواں برس جون میں چین اور انڈیا کے درمیان ہونے والے جھڑپیں ایشیا کے ان دو بڑے ممالک کے درمیان اب تک ہونے والا بدترین تشدد تھا۔ گذشتہ ہفتے مزید فوجی کارروائی کے بعد علاقے میں تناؤ کم ہونے کے معمولی آثار ہیں۔

شیئر: