Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار پیر کو سعودی عرب جائیں گے

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی اہم رکن ممالک کے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار پیر کو دو روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے۔
پاکستان کے دفترخارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزراء خارجہ کے ایک غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کے لیے جدہ پہنچیں گے۔‘
اسحاق ڈار بنگلہ دیش کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے ڈھاکہ سے براہ راست سعودی عرب پہنچیں گے۔
اعلیٰ سطح کے اس اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزراء خارجہ اور سینیئر حکام شرکت کریں گے تاکہ فلسطین میں جاری اسرائیلی فوجی جارحیت، غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول کے مجوزہ منصوبے اور فلسطینیوں کے حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں کے تناظر میں مربوط ردعمل پر غور کیا جا سکے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پاکستان جو فلسطینی کاز کا ایک سرگرم حامی ہے اور وہ بین الاقوامی فورمز پر اس مسئلے کو مسلسل اجاگر کرتا رہا ہے۔ او آئی سی وزراء خارجہ کے غیرمعمولی اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ فلسطین کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے اور پاکستان کے اصولی موقف کو دہرائیں گے۔‘
بیان کے مطابق ’نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسرائیل سے تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے مکمل انخلا کا مطالبہ کریں گے، غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول اور فلسطینیوں کی مزید بے دخلی کے اسرائیلی منصوبے کو مسترد کریں گے، انسانی امداد کی بلاروک ٹوک فراہمی کی فوری ضرورت پر زور دیں گے اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کا مطالبہ کریں گے جن میں ایک ایسی آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ شامل ہے جو جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔‘
’او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس کے موقعے پر نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی اہم رکن ممالک کے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔‘

 

شیئر: