Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ: افغانستان کے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان، ابراہیم زدران اور شرف الدین کی واپسی

ایشیا کپ ستمبر کی نو سے 28 تاریخ تک دبئی اور ابوظہبی میں کھیلا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2025 کے لیے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے مطابق لیگ سپنر راشد خان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ فاسٹ بولر نوین الحق طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
نوین الحق دسمبر 2024 کے بعد پہلی بار افغانستان کی نمائندگی کریں گے۔
افغانستان نے رواں برس تاحال کوئی ٹی20 سیریز نہیں کھیلی، ٹیم نے گزشتہ برس دسمبر میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا جس میں ٹی20 سیریز بھی شامل تھی۔
ایشیا کپ کے لیے سکواڈ سے حضرت اللّٰہ زازی اور زبید اکبری کو ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ ابراہیم زدران اور شرف الدین اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
سلیکشن کمیٹی نے تین ریزرو کھلاڑیوں کے نام بھی سکواڈ میں شامل کیے ہیں جن میں وفی اللّٰہ تراخیل، ننگیال خروٹے اور عبداللّٰہ احمدزئی شامل ہیں۔ ریزرو کھلاڑی سکواڈ میں شامل کسی بھی دوسرے کھلاڑی کے ان فٹ ہونے کی صورت میں دستیاب ہوں گے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ آئندہ ماہ ستمبر کی نو تاریخ سے 28 تاریخ تک دبئی اور ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
افغانستان اپنا افتتاحی میچ نو ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا جبکہ گروپ بی میں اس کے دیگر حریف بنگلادیش اور سری لنکا ہوں گے۔
ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے افغانستان 29 اگست سے شارجہ میں پاکستان اور یو اے ای کے ساتھ سہ ملکی سیریز بھی کھیلے گا جس میں پہلے سے اعلان کردہ 22 رکنی کیمپ سکواڈ شریک ہوگا۔

افغانستان کا سکواڈ

افغانستان کے 17 رکنی سکواڈ میں راشد خان (کپتان)، رحمان اللّٰہ گرباز، ابراہیم زدران، درویش رسولی، صدیق اللّٰہ اتل، عظمت اللّٰہ عمرزئی، کریم جنت، محمد نبی، گلبدین نائب، شرف الدین اشرف، محمد اسحاق، مجیب الرحمٰن، اللہ غضنفر، نور احمد، فرید ملک، نوین الحق، فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔

 

شیئر: