Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریکھا سے دپیکا تک، بالی وڈ کی وہ اداکارائیں جنہوں نے خوبصورتی کے مفہوم کو بدل ڈالا

پریانکا چوپڑا کے نقوش، سانولے رنگ اور پر اعتماد شخصیت نے انہیں منفرد حسن بخشا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
برسوں سے بالی وڈ کی اداکاراؤں نے نہ صرف اپنے فن سے سکرین کو روشن کیا بلکہ معاشرے میں خوبصورتی کے مفہوم کو بھی نئی جہت دی۔
شوبز خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق ان اداکاراؤں نے روایتی سوچ کو چیلنج کیا، نئے معیارات قائم کیے اور اپنی خود اعتمادی، انفرادیت اور انداز سے نسلوں کو متاثر کیا۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں ان بااثر خواتین پر جنہوں نے سکرین پر بھی اور اس سے باہر بھی خوبصورتی کی نئی تعریف پیش کی۔

سری دیوی: لازوال حسینہ

سری دیوی انڈین سینما کی پہلی خاتون سپر سٹار تھیں۔ ان کی پراثر آنکھیں اور بے مثال اداکاری نے اس تصور کو توڑا کہ خوبصورتی صرف گوری رنگت کا نام ہے۔ ان کا سانولا رنگ اور ہمہ جہت کرداروں نے 80 اور 90 کی دہائی میں خوبصورتی کے معیار کو نئے سرے سے متعارف کرایا۔ چاہے فلم ’مسٹر انڈیا‘ میں ان کا دلکش روپ ہو یا ’صدمہ‘ میں سادگی سے بھرپور کردار، سری دیوی نے ثابت کیا کہ اصل خوبصورتی ہنر اور ورسٹائل ہونے میں ہے۔

ریکھا: لازوال حسن کی مالک

ریکھا کا بالی وڈ میں سفر ایک داستان سے کم نہیں۔ ان کے سانولے رنگ اور جنوبی بھارتی خدوخال نے انڈسٹری کی گوری رنگت کی وابستگی کو چیلنج کیا۔ فلم ’ساون بھادوں‘ میں سادہ لڑکی کے کردار سے لے کر ’امراؤ جان‘ میں شائستگی کی مثال بننے تک، ریکھا کا انداز اور وقار ہر دور میں مثالی رہا۔ ان کے حسن کا راز سادگی اور فطرت سے جڑنے میں ہے جو آج بھی لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

کنگنا رناوت: غیرروایتی حسن کی ملکہ

بالی وڈ کی نڈر اور بے باک اداکارہ کنگنا رناوت نے ہمیشہ اپنے گھنگھریالے بالوں اور انفرادیت کو فخر سے اپنایا۔ ایک ایسی انڈسٹری میں جہاں سیدھے بال اور روایتی حسن کو ترجیح دی جاتی ہے، کنگنا اپنی الگ شناخت کے ساتھ ابھریں۔ ’کوئین‘ اور ’تنو ویڈز منو‘ میں ان کے جاندار کرداروں نے نہ صرف ان کی اداکاری کو نمایاں کیا بلکہ ان کی مخصوص خوبصورتی کو بھی اجاگر کیا۔

بالی وڈ کی نڈر اور بے باک اداکارہ کنگنا رناوت نے ہمیشہ اپنے گھنگھریالے بالوں اور انفرادیت کو فخر سے اپنایا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ودیا بالن: پرکشش خدوخال کی دیوی

ودیا بالن کی بالی وڈ میں آمد تازہ ہوا کا جھونکا تھی۔ جہاں فلمی دنیا سائز زیرو جسمانی خدوخال کی دلدادہ تھی، وہیں ودیا نے اپنی قدرتی جسمانی ساخت کو اعتماد کے ساتھ اپنایا۔ ’دی ڈرٹی پکچر‘ اور ’کہانی‘ جیسی فلموں میں ان کی اداکاری نے ثابت کیا کہ اصل خوبصورتی اعتماد اور قابلیت میں ہے۔ ان کے ملبوسات، خاص طور پر روایتی انڈین ساڑیوں نے خوبصورتی اور جسمانی مثبت رویے کو نئی پہچان دی۔

دپیکا پڈوکون: سانولا حُسن

دپیکا پڈوکون اپنے لمبے قد اور سانولی رنگت کے ساتھ بالی وڈ میں حسن کے پرانے معیارات کو چیلنج کرتی نظر آئیں۔ بیڈمنٹن کھلاڑی سے فلمی سپر سٹار بننے تک کا ان کا سفر متاثر کن ہے۔ ’چنئی ایکسپریس‘ اور ’پدماوت‘ جیسی فلموں میں ان کے کرداروں نے نہ صرف ان کی فنکاری کو نکھارا بلکہ ان کی شخصیت کو بھی اجاگر کیا۔ دپیکا آج عالمی سطح پر حسن اور خود اعتمادی کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔

دپیکا پڈوکون اپنے لمبے قد اور سانولی رنگت کے ساتھ بالی وڈ میں حسن کے پرانے معیارات کو چیلنج کرتی نظر آئیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پریانکا چوپڑا: گلوبل آئیکون

پریانکا چوپڑا جو آج ایک بین الاقوامی ستارہ بن چکی ہیں، ہمیشہ اپنے بھارتی تشخص پر فخر کرتی رہی ہیں۔ ان کے نقوش، سانولے رنگ اور پر اعتماد شخصیت نے انہیں منفرد حسن بخشا۔ مس ورلڈ کا اعزاز ان کے سفر کی محض شروعات تھی۔ ’فیشن‘ اور ’برفی‘ جیسی فلموں میں ان کے کرداروں نے ان کی صلاحیتوں کو واضح کیا۔ ان کی بین الاقوامی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ انفرادیت کو اپنانا ہی اصل حسن ہے۔

شیئر: