Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اودھے ٹھاکرے آج میرا گھر ٹوٹا ہے کل تیرا گھمنڈ ٹوٹے گا‘

ہائی کورٹ نے کنگنا کے آفس کی مسماری کو روکنے کا حکم دے دیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دریا میں رہ کر مگرمچھ سے بیر، دیکھا جائے تو کنگنا رناوت پر یہ محاورہ صادق آتا ہے۔ بالی وڈ 'کوئین' ایک طرف تو سشانت سنگھ کی موت پر انڈسٹری میں 'اقرباپروری' کی بحث چھیڑ دینے کے بعد نامور فنکاروں کی'ہٹ لسٹ' پر ہیں تو دوسری طرف ممبئی کا پاکستان کے زیرانتظام کشمیر سے موازنہ کرنے پر انہوں نے اپنے خلاف نیا محاز کھڑا کر لیا ہے۔
'پنگا' گرل نے کچھ دن قبل ممبئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'شیوسینا کے رہنما نے مجھے دھمکیاں دی ہیں، ممبئی پاکستان کے زیرانتظام کشمیر جیسا کیوں لگ رہا ہے۔' 
اپنے اس بیان کے بعد سے کنگنا شیوسینا کے نشانے پر ہیں اور آج بدھ کو انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا کہ 'میرے ممبئی پہنچنے سے پہلے مہاراشٹر حکومت اور اس کے غنڈے میرے آفس کو گرا رہے ہیں۔'
جیسے ہی کنگنا ممبئی ایئرپورٹ پہنچیں ہائی کورٹ نے ان کے آفس کی مسماری کو روکنے کا حکم دے دیا۔
33سالہ اداکارہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مہاراشٹر حکومت ان کو شیوسینا کے ساتھ 'لڑائی' کی وجہ سے نشانہ بنا رہی ہے۔

کنگنا رناوت نے تسلسل کے ساتھ کچھ ٹویٹس کیں جن میں انہوں نے اپنے آفس کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'میں کبھی غلط نہیں تھی اور میرے دشمن بار بار یہ ثابت کرتے ہیں اسی وجہ سے میرا ممبئی اب پاکستان کا زیرانتظام کشمیر بن گیا ہے۔'
اپنی ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے بی ایم سی کے عملے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا 'بابر اور اس کی فوج۔'
اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'میں نے کوئی غیر قانونی تعمیرات نہیں کی تھی اور ویسے بھی حکومت نے 30 ستمبر تک کورونا کی وبا کی وجہ سے مسماری  پر پابندی لگائی تھی۔ اب 'بُلی وڈ' اس فاشسٹ حکومت کو دیکھے۔

بعد ازاں کنگنا رناوت نے ایک وڈیو اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ’ اودھے ٹھاکرے کیا لگتا ہے فلم مافیا کے ساتھ مل کر میرا گھر توڑ کر مجھ سے بہت بڑا بدلہ لے لیا‘۔
’آج میرا گھر ٹوٹا ہے کل تیرا گھمنڈ ٹوٹے گا۔ یہ وقت کا پہیہ ہے۔ یاد رکھنا۔وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا‘۔
بالی وڈ ادکارہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے تم نے مجھ پر بڑا احسان کیا ہے کیونکہ مجھے پتہ نہیں تھا کہ کشمیری پنڈتوں پر کیا بیتی ہوگی آج میں نے محسوس کیا ہے۔‘
’آج اس دیس سے وعدہ کرتی ہوں کہ میں صرف ایودھیا پر نہیں کشمیر پر بھی ایک فلم بناؤں کی اور دیس والوں کو جگاؤں گی۔ یہ جو میرے ساتھ ہوا  اس کا کوئی مطلب ہے، اس کے کوئی معنی ہیں۔‘

شیئر: