Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں خود کو ’عودہ‘ پروگرام میں کیسے رجسٹر کرائیں؟

بعض افراد اس پروگرام کو مملکت آنے کے لیے سمجھ رہے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات بتدریج معمول پر آرہے ہیں، تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ 
 ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکام کی جانب سے اس بارے میں احکامات جاری ہوں گے مطلع کر دیا جائے گا۔ 
قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل کے حوالے سے مزید سوالات بھیجے ہیں۔
ابو بکرعطاء اللہ کا سوال ہے کہ میری چھٹی 20 اگست تک بڑھائی گئی ہے لیکن فلائٹس کھل نہیں رہیں۔ واپسی کا طریقہ کار کیا ہوگا؟ 
جواب: سعودی عرب میں ایوان شاہی کی جانب سے مملکت میں رہنے والے غیر ملکی کارکنوں کے لیے جو چھٹی پر گئے ہوئے ہیں ان کے خروج وعودہ اور اقاموں کی مدت میں تیسری بار ایک ماہ کی توسیع کے احکامات جاری ہوچکے ہیں۔ 
ایوان شاہی کی جانب سے دی جانے والی تیسری رعایت پر محکمہ پاسپورٹ اور نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر کے تعاون سے عمل درآمد کا آغاز کردیا گیا ہے۔ 
محکمہ پاسپورٹ اور نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر کی جانب سے مرحلہ وار اقامے اور خروج عودہ کی مدت میں توسیع کی جارہی ہے۔ جب آپ کی باری آئے گی تو خروج وعودہ کی مدت میں توسیع ہو جائے گی۔ 
جہاں تک واپسی کے بارے میں آپ کا سوال ہے اس حوالے سے تاحال سعودی حکومت کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں پرعائد پابندی برقرار ہے۔ تاحال اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
  عبدالمتین پوچھتے ہیں کہ میرا اقامہ 18 اگست سے ختم ہو گیا ہے۔ کیا مجھے واپس مملکت آنے کے لیے کفیل سے رابطہ کرنا پڑے گا یا سعودی حکومت خود اپڈیٹ کرے گی۔ براہ مہربانی رہنمائی کریں؟ 

مملکت میں موجود افراد کی واپسی خصوصی پروازوں کے ذریعے جاری ہے (فوٹو: ایس پی اے)

جواب: سعودی حکومت کی جانب سے تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی خودکار طریقے سے توسیع ماضی میں دو بار کی جاچکی ہے۔ اس حوالے سے تیسری بار توسیع کے احکامات صادر ہوچکے ہیں جس پر عمل درآمد جاری ہے۔ 
آپ کو کفیل سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ تمام معاملات خود کار طریقے سے کیے جائیں گے۔ جیسے ہی آپ کی باری آئے گی خروج و عودہ کی مدت میں توسیع کردی جائے گی۔ 
آسیہ غلام کا سوال ہے کہ ’ابشر‘ پاکستان میں نہیں چل رہا جس کی وجہ سے ’عودہ‘ پروگرام میں خود کو رجسٹر نہیں کراسکتے، کیا کریں؟ 
جواب: سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت میں رہنے والے تارکین کو واپسی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے’عودہ‘ پروگرام کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 

  اقامے اور ویزے میں تیسری بار توسیع کے احکامات دیے گئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

یاد رہے کہ ’عودہ ‘ پروگرام مملکت میں مقیم افراد کے لیے صرف سعودی عرب سے جانے کے لیے ہے۔ بعض افراد اس پروگرام کو مملکت آنے کے لیے سمجھ رہے ہیں جو کہ غلط ہے۔ 
سعودی عرب میں تاحال بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد ہے البتہ جو افراد مملکت میں موجود ہیں ان کی وطن واپسی خصوصی پروازوں کے ذریعے جاری ہے جو ’عودہ‘ پروگرام کے تحت ہوتی ہے۔

شیئر: