Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: پروازیں کب بحال ہوں گی؟

کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پرعمل جاری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے تاحال بیرون ملک سے آنے والے پروازوں پر پابندی برقرار ہے۔اس حوالے سے حکام کی جانب سے کسی قسم کا لائحہ عمل جاری نہیں کیا گیا۔
محکمہ پاسپورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اعلان کے بعد ان غیر ملکیوں کی واپسی کے بارے میں لائحہ عمل جاری کیا جائے گا۔
کورونا کی وبا کے دوران جب مملکت میں کرفیو اور لاک ڈاون کا سلسلہ جاری تھا حکومت نے مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کے اقاموں میں 3 ماہ کی مفت توسیع کی تھی بعدازاں دوسری بار ایوان شاہی سے ان تارکین کو رعایت دی گئی جو بیرون مملکت چھٹی یعنی خروج وعودہ پر گئے ہوئے تھے.
علاوہ ازیں وزٹ ویزے پر آنے والے غیر ملکی جو حالات کے سبب سفری پابندی کی وجہ سے مقررہ مدت کے دوران اپنے ملک نہیں جاسکے تھے ان کے ویزوں کی مدت میں بھی مفت توسیع کی گئی تھی۔
اردونیوز کو موصول ہونے والے سوالات میں سے بیشتر سعودی عرب میں پروازوں کی بحالی اور اقامہ و خروج عودہ کی مدت کے حوالے سے ہیں جن کے جوابات پیش کیے جارہے ہیں۔

پروازوں کی بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)

مدثراعوان کا سوال ہے میرا اقامہ ایک ماہ بڑھایا گیا ہے کیا اس سے یہ سمجھا جائے کہ ستمبر میں فلائٹس کھل جائیں گی؟
جواب ۔ سعودی حکومت کی جانب سے غیرملکیوں کو دی جانے والی دوسری رعایت ایسے افراد کےلیے ہے جو چھٹی پر اپنے ملک گئے ہوئے ہیں یا مستقل طور پر فائنل ایگزٹ پر جانے کے خواہشمند ہیں۔
ایسے تارکین کےلیے حکام کی جانب سے تین ماہ کی مفت رعایت دی جاچکی ہے تاہم اس کا حساب اس وقت سے کیاجاتا ہے جب سے مملکت میں کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
جہاں تک آپ کا کہنا ہے کہ ’ستمبر میں فلائٹیں کھل جائیں گی۔ اس حوالے سے تاحال حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ کب پروازیں بحال ہوں گی۔
فرحان بھٹی پوچھتے ہیں کہ  پاکستان سے سعودی عرب کے لیے پروازیں کب بحال ہوں گی ؟
جواب ۔ سعودی عرب کے لیے مختلف ممالک سے پروازوں کی بحالی کے حوالے سے تاحال کسی قسم کی حتمی اطلاع نہیں۔ اس بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی متعلقہ اداروں کی جانب سے لائحہ عمل مرتب کیاجائے گا سرکاری سطح پر اس کا اعلان کردیاجائے گا۔
سبحان خان  نے پوچھا ہے سائق خاص ( فیملی ڈرائیور) جن کی چھٹی ختم ہو چکی ہے ان کی واپسی کیسے ہو گی؟
جواب۔ سائق خاص ہی نہیں بلکہ سعودی عرب میں رہنے والے تمام غیر ملکی جو خروج وعودہ پر اپنے ملک گئے ہوئے ہیں ان کی واپسی کے حوالے سے تاحال کسی قسم کا سرکاری اعلان جاری نہیں ہوا ہے۔
موجودہ حالات میں جبکہ بین الاقوامی سفر کے حوالے سے تمام معاملات رکے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وہ غیر ملکی جو اپنے وطن گئے ہوئے ہیں کی واپسی بھی تاحال ممکن نہیں ہورہی۔
بین الاقوامی سفر پر عائد پابندی ختم ہوتے ہی سرکاری سطح پر غیر ملکیوں کی واپسی کے حوالے سے پروگرام مرتب کرکے طریقہ کار کی وضاحت کی جائے گی تاہم ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا اس لیے انتظار کریں۔

شیئر: