Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحیرہ احمر کے ساحل پر قدیم قریہ، دلکش تاریخی عمارتیں

عمارتیں منفرد طرز تعمیر کے حسن کا پتہ دے رہی ہیں- فوٹو العربیہ
 سعودی عرب میں بحیرہ احمر کے ساحل پر الوجہ کمشنری کا قدیم قریہ زبان حال سے آباؤ اجداد کی تاریخ کے ثقافتی و سماجی حالات کی کہانی سنا رہا ہے۔ 
یہ قریہ بحیرہ احمرکے شمال میں واقع ہے- یہاں عمارتیں کچی اینٹوں سے تیار کی گئی ہیں۔ جگہ جگہ پرشکوہ تاریخی قلعے بھی ہیں۔ یہ عمارتیں منفرد طرز تعمیر کے حسن کا پتہ دے رہی ہیں۔ عمارتوں کے روشن دان، کھڑکیاں، مختلف شکل و صورت میں پھول، پتیاں دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔


ماہی گیری  کے لیے بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں- فوٹو: العربیہ

العربیہ نیٹ کے مطابق تبوک ریجن کی الوجہ کمشنری میں ’البلدہ القدیمہ‘ اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔  سمندر کی لہریں اور سحر آفریں ساحل، قریب واقع جزیرے دعوت نظارہ دیتے ہیں۔ 
الوجہ بندرگاہ بحیرہ احمر کی خوبصورت ترین اور شفاف ترین بندرگاہ مانی جاتی ہے۔ یہاں ماہی گیری کے شائقین بڑی تعداد میں آتے ہیں۔  


عمارتوں کی کھڑکیوں کا فن منفرد ہے- فوٹو العربیہ

آپٹیکل پیکٹوریل محمد الشریف نے الوجہ کمشنری کے البلدہ القدیمہ کی تصویر کشی کرکے اس کی عمارتوں کو فن پاروں میں تبدیل کر دیا ہے۔ یہ قدیم قصبہ تاریخی عمارتوں، قلعوں، چھاؤنیوں، فصیلوں اور ساحل سمندر کے دلکش نظاروں سے مالا مال ہے۔ یہاں قدیم تاریخ بھی ہے- زمانہ قدیم کے فن تعمیر کے عظیم نمونے بھی ہیں اور فن تعمیر میں انسانی مہارتوں کے دلاویز نمونے بھی نظر آتے ہیں۔ 

زمانہ قدیم کے فن تعمیر کے عظیم نمونے بھی ہیں- فوٹو العربیہ

یہاں عمارتوں کی کھڑکیوں کا فن منفرد ہے۔ انہیں کچھ اس اندازسے بنایا گیا ہے کہ موسم گرما میں درجہ حرارت خود بخود کم ہوجاتا ہے۔ لکڑیاں اس انداز سے استعمال کی گئی ہیں کہ وہ درجہ حرارت میں بڑھنے میں مانع ہوتی ہیں گرد وغبار عمارتوں میں داخل نہیں ہونے دیتیں۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: