ایران نے دوبارہ قطر پر حملہ کیا تو امریکہ جواب دے گا: ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر قطر کے مرکزی گیس پلانٹ پر مزید حملے کیے گئے تو ایران کے اہم ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کو تباہ کر دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر تصدیق کی کہ اسرائیل نے ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کو نشانہ بنایا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس حملے کے بارے میں امریکہ کو ’کچھ معلوم نہیں تھا۔‘ اس حملے کے بعد ایران نے قطر کی راس لفان صنعتی تنصیب پر حملہ کیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’اس نہایت اہم اور قیمتی ساؤتھ پارس فیلڈ سے متعلق اسرائیل کی جانب سے مزید کوئی حملہ نہیں کیا جائے گا جب تک کہ ایران نادانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی نہایت بے قصور ملک، اس معاملے میں قطر پر حملہ نہ کرے۔ ایسی صورت میں امریکہ اسرائیل کی مدد یا اجازت کے ساتھ یا اس کے بغیر، ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کو ایسی طاقت اور شدت سے مکمل طور پر تباہ کر دے گا جیسی ایران نے پہلے کبھی نہ دیکھی ہوگی۔‘
دوسری جانب قطر کی وزارت داخلہ کے مطابق جمعرات کو ایرانی حملے کے بعد ملک کے شمال میں واقع ایک بڑے گیس مرکز میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ راس لفان میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بیان کے مطابق کولنگ اور مقامات کو محفوظ بنانے کی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔