جازان سمیت مختلف ریجنز میں عید کی تیاریاں، پبلک مقامات کی تزئین و آرائش
سعودی عرب کے مختلف ریجنز اور شہروں میں عید الفطر کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شہروں کو سجا دیا گیا ہے اور عید بازار بھی لگائے گئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جازان ریجن کی بلدیہ کی جانب سے 26 مقامات پر مختلف رنگا رنگ پروگراموں کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ 284 پارکوں اور تفریحی مقامات پر بھی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
یہ تیاریاں مختلف خدمات پر مشتمل ہیں تاکہ شہری اور سیاح عید کے موقع پر خوشگوار اور محفوظ ماحول سے لطف اندوز ہو سکیں۔
جازان ریجن میں 243 مقامات پر عید کی نماز کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
جازان کی بلدیہ نے تین ہزار سے زیادہ مقامات پر عید کی مبارک باد کے پیغامات سکرینوں پر جاری کیے ہیں جبکہ وزیٹرز کے لیے 50 ہزار تحائف کا انتظام کیا گیا ہے۔
میونسپلٹی بازاروں اور دکانوں کی انسپیکشن بھی کر رہی ہے، ساتھ ہی پبلک مقامات کی تیاری، سجاوٹی روشنیوں کا اضافہ اور پھول لگانے کے ذریعے شہری منظرنامے کو بہتر بنایا گیا ہے۔
اسی طرح الباحہ ریجن میں بھی مونسپلٹی کی جانب سے عید الفطر کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ 90 سے زیادہ مقامات کو روشنیوں سے سجایا گیا ہے جن میں چوراہے، پارک اور دیگر تفریحی مقامات شامل ہیں۔

الباحہ ریجن کے میئر ڈاکٹر علی السواط نے کہا ہے کہ ریجن میں تیار کیے جانے والے پارکوں اور پبلک گارڈنز کی مجموعی تعداد 120 ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سب عید کے دنوں میں گھومنے پھرنے کے لیے آنے والے افراد کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔
شمالی حدود ریجن میں عرعر ثقافتی مرکز کی جانب سے عید الفطر کی تقریبات کے لیے متعدد علاقوں کو سجایا جا رہا ہے۔

رنگا رنگ تقریبات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں، جن میں سعودی لوک رقص، موسیقی کے پروگرام، آتش بازی اور بچوں کے لیے مختلف سرگرمیاں شامل ہیں۔
قصیم ریجن میں بلدیہ کی جانب سے مختلف شہروں، علاقوں، میدانوں اور تفریحی مقامات کی تزئین و آرائش کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔