Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک لاکھ 27 ہزار اقامہ ہولڈر کویت واپس نہیں آسکیں گے

’جنہوں نے اقاموں کی آن لائن تجدید نہیں کی، ان کے اقامے اب ختم ہیں‘ ( فوٹو: الساحہ)
بیرون ملک رہ جانے والے ایک لاکھ 27 ہزار اقامہ ہولڈر غیر ملکیوں کو کویت واپس آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مقامی اخبار الرای کے مطابق کویتی وزارت داخلہ کے ذرائع نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے باعث بیرون ملک پھنس جانے والے وہ غیر ملکی جنہوں نے مہلت کے دوران اپنے اقاموں کی آن لائن تجدید نہیں کی وہ کویت واپس نہیں آسکتے‘۔
وزارت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ’علاوہ ازیں ان ممالک کے اقامہ ہولڈر بھی واپس نہیں آسکتے جن کے شہریوں پر کویت آنے کی پابندی ہے‘۔
’کورونا بحران کے دوران وزارت داخلہ نے بیرون ملک رہ جانے والے اقامہ ہولڈروں کے لیے انسانی بنیادوں پر سہولت دی تھی کہ وہ اپنے اقامے آن لائن تجدید کروائیں‘۔
’اس سہولت سے جن لوگوں نے فائدہ نہیں اٹھایا یا ان کا تعلق ایسے ملک سے ہے جن کے شہری کویت نہیں آسکتے، ان کے اقامے اب تجدید نہیں ہوں گے‘۔
ذرائع نے کہا ہے کہ ’اس وقت بیرون ملک رہ جانے والے اقامہ ہولڈر غیر ملکیوں کی تعداد 5 لاکھ کے لگ بھگ ہے‘۔
دوسری طرف وزارت داخلہ نے وضاحتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’وزیر داخلہ نے ملک میں موجود غیر ملکیوں کےاقاموں کی تین ماہ مفت تجدید کی ہدایت کی ہے‘۔
’یہ تجدید یکم ستمبر سے 30 نومبر تک ہوگی تاہم اس سہولت سے وہ لوگ فائدہ نہیں اٹھا سکتے جن کے اقامے یکم ستمبر کے بعد ختم ہوئے ہیں‘۔
 وزارت نے وضاحت کی ہے کہ ’اس سہولت سے صرف وہ غیر ملکی فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کے اقامے 31 اگست تک ختم ہوئے ہیں‘۔

شیئر: