Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وزیراعظم کرپشن پر سمجھوتا نہیں کریں گے‘

شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔(فوٹو: ٹوئٹر)
حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کو حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش قرار دے دیا تا کہ وہ احتساب کے بیانئے سے پیچھے ہٹ جائے۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اے اپی سی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ قوم نے دیکھا کہ اپوزیشن نے سیاست کو اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کے لیے استعمال کیا۔
شبلی فراز نے ٹویٹ کی کہ ’وزیر اعظم عمران خان کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ کوئی این آر او نہیں ملے گا۔
 
مشیر داخلہ شہزاداکبر نے اپنے رد عمل میں کہا  ’کہتے ہیں پاکستان میں میڈیا آزاد نہیں ۔ ابھی قوم نے قوانین کے برعکس ایک سزایافتہ اشتہاری مجرم کو لائیو سنا۔ کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو اور گرم ہوا چلتے ہی ووٹر کو چھوڑ کر لندن بھاگ جاتے ہیں۔ میاں صاحب بضد ہیں صرف وہ جج قبول ہے جو انہیں ثبوتوں کے باوجود بری کرے۔‘
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اے پی سی پر کسی اور کو نہیں بلکہ اپنے آپ کو دھوکہ دے رہی ہیں-  پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں بزدار کا کہنا تھا کہ ’سیاسی بے روزگار ذہن نشین رکھیں کہ عوامی پذیرائی اے پی سی سے نہیں ملتی-‘
’عوام کی خدمت ہی اصل سیاست ہے جو تحریک انصاف کی حکومت طرہ امتیاز ہے۔ پاکستانی عوام کو وزیراعظم عمران خان کی جراتمند اور شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے۔‘
ان کے مطابق عوام کے مستردشدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔ ’اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی سے کچھ نہیں نکلے گا۔‘
خیال رہے قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ اگر پاکستان میں ووٹ کو عزت نہ ملی اور قانون کی پاسداری نہ کی گئی تو سارا معاشی نظام مفلوج ہو کر رہ جائے گا۔
اتوار کو پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہونے والی اپوزیشن کی کُل جماعتی کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ’ہر طرح کی مصلحت چھوڑ کر بے باک فیصلے کرنا ہوں گے، آج نہیں کریں گے تو پھر کب کریں گے، اس کانفرنس کو کامیاب بنانا ہوگا ورنہ قوم کو مایوسی ہوگی۔

اے پی سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان میں ووٹ کو عزت نہ ملی تو سارا معاشی نظام مفلوج ہو کر رہ جائے گا (فوٹو:ٹوئٹر)

سابق صدر آصف زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’میڈیا پر اس طرح کی پابندیاں اس سے پہلے نہیں لگائی گئیں جو حکومت کی کمزوری کا ثبوت ہے۔‘
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’اٹھارویں ترمیم پاکستان کے آئین کے گرد ایک دیوار ہے تاکہ کوئی باہر یا اندر سے اسے نقصان نہ پہنچا سکے، ترمیم کے ذریعے سب سے زیادہ حصہ پنجاب کو ملتا ہے اور ہم پنجاب کے بھی ساتھ ہیں۔‘

شیئر:

متعلقہ خبریں