Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ: ڈرون حملے میں دو بچیاں زخمی، ’یہ کارروائی افغان طالبان کی ہو سکتی ہے‘

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعے کو ایک مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں دو بچیاں زخمی ہو گئیں۔
کوئٹہ پولیس کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایک نامعلوم سمت سے آنے والا ڈرون کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب سرہ غڑگئی میں عبدالرزاق ملاخیل نامی شخص کے گھر پر گرا۔ 
ان کے مطابق واقعے کے نتیجے میں گھر کو جُزوی نقصان پہنچا جبکہ وہاں موجود عبدالرزاق کی دو کم عمر بیٹیاں بی بی آمنہ اور بی بی عالمہ زخمی ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق زخمی بچیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اُن کا علاج جاری ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور حساس اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ڈرون کے ملبے کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ تاحال یہ تعین نہیں ہو سکا کہ ڈرون کہاں سے آیا اور اسے کس نے بھیجا، تاہم شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی افغان طالبان کی جانب سے ہو سکتی ہے۔
کوئٹہ میں ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا ڈرون واقعہ ہے۔ اس سے قبل ایک ڈرون کوئٹہ چھاؤنی کی حدود میں سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کر کے مار گرایا تھا، تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
افغان میڈیا میں ان ڈرون حملوں کو افغان طالبان سے جوڑے گئے ہیں اور بعض رپورٹس میں جانی نقصان کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم پاکستان کی جانب سے ان حملوں سے متعلق تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
افغانستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ڈرون حملوں کے خطروں کے پیش نظر بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں ڈرون اُڑانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

شیئر: