Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کی فضائی حدود میں افغانستان کی جانب سے بھیجے گئے دو ڈرونز کو مار گرایا

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈرون مقامی نوعیت کا تھا جو افغانستان سے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستانی وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں دو ڈرونز کو ناکارہ بنا کر مار گرایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کی جانب سے بھیجے گئے دو ڈرونز کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے کامیابی سے اپنے جدید الیکٹرانک دفاعی آلات سے تباہ کر دیا۔‘
جمعے کی رات وزارت اطلاعات نے ایک بیان میں کہا کہ ’حملوں کی اس ناکام کوشش میں کسی بھی عسکری تنصیب کو نقصان نہیں پہنچا، تباہی کے بعد ڈرونز کا ملبہ گرنے کو افغان اور انڈین پروپیگنڈا سیل بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں۔‘
واضح رہے کہ اس واقعے کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ کو کچھ دیر پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اسے دوبارہ کھول دیا گیا۔
جمعے کی شام اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم، فیض آباد کے مقام پر فضا میں پرواز کرنے والے دو مشکوک ڈرونز کو گرا دیا گیا، جس کے بعد دھماکوں کی آواز سنائی دی۔
سکیورٹی حکام کے مطابق ’مشکوک ڈرونز کو ناکارہ بنا کر گرایا گیا، جس کے بعد اسلام آباد کی فضائی حدود کلیئر قرار دے دی گئی اور ایئرپورٹ سے پروازوں کی آمدورفت بھی معمول کے مطابق بحال کر دی گئی۔ُ
اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ ’اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشنل وجوہات کی بنا پر کچھ دیر کے لیے فلائٹ آپریشن میں معمولی آپریشنل ایڈجسٹمنٹ کی گئی تھی۔‘

 اس واقعے کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ کو کچھ دیر پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا (فائل فوٹو: روئٹرز)

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ’ایئرپورٹ پر تمام پروازیں اب معمول کے مطابق آپریٹ ہو رہی ہیں اور مسافروں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے بارے میں معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کریں۔‘
اردو نیوز نے جب اسلام آباد پولیس کے ترجمان سے اسلام آباد میں ڈرون گرنے کے حوالے سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جس کے بعد آگاہ کیا جائے گا۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان گذشتہ تین ہفتوں سے سرحدی کشیدگی اور جھڑپیں جاری ہیں اور پاکستانی فضائیہ نے جمعرات کو بھی افغانستان کے مختلف شہروں پر فضائی حملے کیے جبکہ افغان طالبان نے پاکستان پر ڈرون حملے کرنے کے دعوے کیے۔
ید رہے کہ رواں برس فروری میں بھی افغانستان کی جانب سے پاکستانی علاقوں میں چند ڈرونز بھیجے گئے تھے جنہیں مار گرایا گیا تھا۔

شیئر: