Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی بزرگ شہریوں کی یوم الوطنی پر واک

باحہ سے عسیر تک 350 کلو میٹر سفر پیدل طے کیا۔(فوٹو العربیہ)
 سعودی بزرگ شہریوں نے مملکت کا 90 واں قومی دن واک کلچر کو رائج کرکے منایا ہے۔
 سعودی عرب کے جنوب مغرب میں باحہ سے عسیر تک 350 کلو میٹر سفر پیدل طے کیا۔ ان کا سلوگن تھا کہ ’عمر تو صرف گنتی کا نام ہے‘۔ پیدل سفر کرنے والے سعودیوں کی عمریں 50 سے  70 برس کے درمیان ہیں۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق عایض الھجھاجی نے کہا کہ دراصل ہم سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے کے سیاح ہیں۔ پیدل سفر کرنا ہمارا مشغلہ ہے۔ مملکت کے 90 ویں نیشنل ڈے کا جشن معاشرے میں واک کے کلچر کے فروغ کے طور پر منایا ہے۔ باحہ سے ابہا تک کا سفر طے کیا۔
انہوں نےکہا کہ کولیسٹرول، شریانوں کے سکڑنے، ذیابیطس اور دل کے امراض سمیت بہت ساری بیماریوں کا مقابلہ  پیدل چل کر کرنا چاہتے ہیں۔  
عایض الھجھاجی کا کہنا تھا کہ  تین برس سے گروپ بنائے ہوئے ہیں۔ اب تک  تین طویل سفر کیے ہیں- پہلا سفر بلجرشی سے ابہا تک۔ دوسرا سفر ابہا سے باحہ تک کیا۔ کوئی بھی سفر 350 کلو میٹر سے کم نہیں تھا۔ ہم اپنا سفر گیارہ دن میں طے کرتے ہیں۔ 
انہوںی نے مزید کہا کہ روزانہ 30 سے 40 کلو میٹر کا سفر طے کرتے ہیں۔ معاشرے کو یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ چہل قدمی کی ورزش اہم ہے۔ اس کی بدولت بیماریوں سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ہمارا گروپ موسم سرما اور موسم گرما کے لیے متعدد پروگرام ترتیب دیے ہوئے ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہماری ٹیم میں بعض افراد ایسے ہیں جو الربع الخالی کے صحرا میں چھ سو کلو میٹر کا سفر طے کرچکے ہیں۔ ستر کلو میٹر اور 42 کلو میٹر کی طنطورۃ میراتھن میں حصہ لے چکے ہیں۔ روس اور یورپی ممالک کی 5 سے 7 اعلی پہاڑی چوٹیوں پر چڑھ چکے ہیں۔ پروگرام شروع کرنے سے قبل اس کی باقاعدہ تیاری کرتے ہیں۔ 

شیئر: