Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ بہادر ہیں‘، ظفر مسعود دوبارہ پی آئی اے کی پرواز پر

کراچی میں پاکستان کی قومی ایئرلائن کے حادثے میں زندہ بچ جانے والے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے حادثے کے بعد پہلی بار کراچی سے پی آئی اے کی پرواز پر لاہور تک سفر کیا ہے۔
پی آئی اے کے مطابق کراچی سے لاہور آمد پر ظفر مسعود نے کہا کہ ’ہمیں اپنے قومی ادارے کو بحال کرنا ہے اور اس سلسلے میں مجھے قومی ایئر لائن کا انتخاب کرتے ہوئے خوشگوار احساس ہوا۔‘
لاہور آمد پر سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک خصوصی طور پر ان کا اسلام آباد سے  استقبال کرنے پہنچے۔
ظفر مسعود کا کہنا تھا کہ ’مجھے مکمل اعتماد ہے کی قومی ایئر لائن اس واقعے اور دیگر مشکلات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کر لے گی۔‘
سفر کرنے سے قبل ٹوئٹر پر ظفر مسعود نے لکھا کہ ’حادثے کے بعد قومی اثاثے پی آئی اے سے ایک بار پھر سفر کر رہا ہوں۔ ہمیں اس کو سپورٹ کرنا چاہیے اور اس کی بحالی اور بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔ خواہش ہے کہ پی آئی اے کی ری سٹرکچرنگ کی بھرپور سپورٹ کی جائے۔‘
ظفر مسعود کی اس ٹویٹ پر صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے ان کے خیریت کے ساتھ سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

ظفر مسعود نے لکھا ہے کہ پی آئی اے کو اس کے ماضی کی عظمت دوبارہ حاصل کرتے دیکھنا چاہتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پی آئی اے نے اپنی ٹویٹ میں ظفر مسعود کو ٹیگ کرکے لکھا ہے کہ ’ادارے کی ری سٹرکچرنگ کی کوششوں میں پارٹنر اور پی آئی اے سے سفر میں ان کے غیر متزلزل یقین سے وہ امید کی علامت ہیں اور ہم سب کے لیے انسپائریشن ہیں۔‘
ٹوئٹر صارف کاشف شیخ نے کہا کہ ’ہمیں آپ سے محبت ہے، آپ بھی ہمارا اثاثہ ہیں۔‘ زبیر نیازی نے کہا کہ ’زبردست ظفر صاحب، آپ بہادر آدمی ہیں۔‘
منیر اسلم نے ظفر مسعود کو لکھا کہ ’تباہ کن حادثے کے ٹراما سے نکلنے کے لیے اس طرح کا فیصلہ کرنا ایک غیر معمولی بہادری والا کام ہے۔‘

شیئر: