گارڈ پر تشدد: اسسٹنٹ کمشنر بورے والا عہدے سے برطرف
جمعرات 1 اکتوبر 2020 21:24
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والے گارڈ کو انصاف فراہم کیا جائے گا (فوٹو:ٹوئٹر)
سکول کے گارڈ پر تشدد کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر بورے والا رانا اورنگزیب کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے، تشدد کا نشانہ بننے والے گارڈ کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
صوبہ پنجاب کے شہر بورے والا کے ایک سکول میں اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب اپنے محافظوں کے ساتھ پہنچے تو سکول نے کے گارڈ نے انہیں ٹمپریچر چیک کرنے کے لیے روک لیا جس پر ان کے محافظوں نے گارڈ پر تشدد کرنا شروع کر دیا۔
یہی نہیں بلکہ اسسٹنٹ کمشنر نے گارڈ کے خلاف 'کارسرکار میں مداخلت' کا مقدمہ بھی درج کرا دیا۔
سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے اپنی ٹویٹ میں اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا۔
انہوں نے لکھا کہ 'یہ انتہائی شرمناک حرکت ہے کہ جس پر ظلم ہوا اسی پر بورے والا کے اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب نے پراچہ کٹوا دیا۔ ڈی سی صاحب نے انکوائری بھی اسی کے کولیگز کو دے دی- آپ نے سب کو پاگل سمجھا ہوا ہے کیا۔ یہ عمران خان کی حکومت ہے ایسا ظلم نہیں چلے گا- اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ایچ او کو فورا سسپینڈ کر کے کارروائی کریں۔'
سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
شہباز حسین بودلہ نامی صارف نے لکھا کہ 'بورے والا اسسٹنٹ کمشنر کا ٹمپریچر چیک کرنا اور پوچھ گچھ کرنا نجی سکول کے ملازم کا جرم بن گیا. معلوم ہوا کہ ہم ایک بیمار ذہن والی قوم ہے جو حد سے زیادہ پروٹوکول کی بیماری میں مبتلا ہے۔'
ناصر کاسی نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'ایک خبر نے دل دکھی کر دیا، اسٹنٹ کمشنر کا سکول کے چپڑاسی پہ تشدد، کیوں چپڑاسی نے ٹمپریچر لینے کا کہا؟ کیا اس ملک میں غریب کی عزت نفس کی کوہی اہمیت نہیں؟'
ایک اور صارف محمد خالد نے سوال کیا کہ 'افسر شاہی، کیا یہ نیا پاکستان ہے؟'
زارا وقار نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'کیا کہنے سرکاری افسروں کے! بورے والا کے اسسٹنٹ کمیشنر نے سکول کے گارڈ پر محظ اسلیئے تشدد کردیا کیونکہ کورونا ایس او پیز کے تحت گارڈ نے کمشنر بہادر کا ٹمپریچر چیک کرنے کی کوشش کی، یہاں ایک سے بڑھ کر ایک فرعون ملے گا آپ کو۔'