Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 بنگلہ دیش میں نوبیل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس کا آبائی گھر نذرِ آتش

واقعے کے بعد گھر کے اطراف پولیس کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ (سکرین گریب)
بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ میں نامعلوم شرپسندوں نے سابق عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر اور نوبیل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس کے آبائی گھر کو آگ لگا دی۔  
یہ واقعہ بدھ کی رات شہر کے علاقے پنچلائش میں پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے عمارت کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔
بنگلہ دیشی اخبار ’ڈیلی سٹار‘ کے مطابق گھر کی نچلی منزل پر واقع ایک کمرے میں رات تقریباً 11 بج کر 30 منٹ پر آگ لگائی گئی۔ پنچلائش پولیس سٹیشن کے انچارج مزمل حق نے بنگلہ دیشی اخبار ’پروتھوم آلو‘ سے گفتگو میں واقعے کی تصدیق کی۔
پولیس افسر کے مطابق گھر کے اطراف معمول کے مطابق پولیس گشت جاری تھا کہ اہلکاروں نے اچانک عمارت کی نچلی منزل کے ایک کمرے سے آگ کے شعلے اٹھتے دیکھے۔ پولیس اہلکار فوری طور پر عمارت میں داخل ہوئے اور آگ پر قابو پا لیا۔
مزمل حق نے بتایا کہ پولیس واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمارت کی نچلی منزل پر کوئی رہائش پذیر نہیں ہے جبکہ دوسری اور تیسری منزل پر پروفیسر محمد یونس کے دو بھائیوں کے اہل خانہ رہتے ہیں۔ واقعے کے بعد گھر کے اطراف پولیس کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں کے دوران آتش زدگی کے واقعات میں اضافہ
محمد یونس کے آبائی گھر کو آگ لگانے کا واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بنگلہ دیش کو حالیہ دنوں میں سیاسی کشیدگی، پرتشدد مظاہروں، بم دھماکوں اور آتش زدگی کے متعدد واقعات کا سامنا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ نے 19 نومبر کو ملک گیر شٹ ڈاؤن کی اپیل کی تھی۔ جماعت نے یہ احتجاج حکومت کی جانب سے شیخ حسینہ کو انڈیا میں جلاوطنی ختم کرکے وطن واپسی کے لیے سفری دستاویزات جاری نہ کرنے کے فیصلے کے خلاف کیا ہے۔
شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے علیحدگی کے بعد انڈیا چلی گئی تھیں۔ ان کی جماعت نے حالیہ احتجاجی مہم کے ذریعے ان کی وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران بنگلہ دیش کے کم از کم 28 اضلاع میں دیسی ساختہ بموں کے درجنوں دھماکے اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں پولیس اہلکار اور شہری بھی زخمی ہوئے۔
محمد یونس کے قائم کردہ گرامین بینک نے بھی بتایا ہے کہ 10 نومبر سے اب تک ملک بھر میں اس کی کم از کم 37 شاخوں اور دفاتر کو آتش زدگی یا آگ لگانے کی کوششوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے پیش نظر حکام نے سکیورٹی اقدامات سخت کر دیے ہیں اور مختلف علاقوں میں اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق محمد یونس کے آبائی گھر میں آتش زدگی کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم تاحال کسی ملزم کی شناخت یا گرفتاری کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

شیئر: