Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میانمار کی فوج نے 2017 میں ’ہزاروں روہنگیا مسلمانوں‘ کو قتل کیا: عالمی عدالتِ انصاف

عالمی عدالتِ انصاف نے کہا ہے کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز نے سال 2017 میں روہنگیا مسلمانوں کا قتلِ عام کیا (فائل فوٹو: یو این نیوز)
عالمی عدالتِ انصاف نے جمعرات کو کہا ہے کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز نے سال 2017 میں مسلمان اقلیت روہنگیا کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران ہزاروں شہریوں کو قتل کیا۔ عدالت اب اِس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا میانمار کی کارروائیاں نسل کشی کے زمرے میں آتی ہیں یا نہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت نے کہا کہ میانمار کی فوج نے روہنگیا مسلمانوں کو قتل کیا، اُن کی خواتین کے ساتھ زیادتی کی، بچوں پر تشدد کیا اور اُن کے دیہات اور آبادیوں کو تباہ کر دیا۔
عالمی عدالتِ انصاف نے ابھی یہ فیصلہ نہیں سنایا کہ آیا میانمار نے نسل کشی کا جُرم کیا ہے یا نہیں۔ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے جسے پڑھ کر سنانے میں قریباً تین گھنٹے لگنے کی توقع ہے۔
یہ مقدمہ گیمبیا نے اقوامِ متحدہ کے 1948 کے نسل کشی کنونشن کے تحت دائر کیا تھا۔ اِس کنونشن کے تحت کسی بھی ملک کو اگر کسی دوسرے ملک پر یہ شبہ ہو کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران طے پانے والے اِس معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو وہ اُس ملک کے خلاف مقدمہ دائر کر سکتا ہے۔
عالمی عدالتِ انصاف کے پاس اگرچہ اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کا کوئی اختیار نہیں ہے، تاہم اگر عدالت یہ قرار دیتی ہے کہ میانمار نے نسل کشی کا ارتکاب کیا ہے تو اِس کے رہنما من آنگ ہلائینگ پر بین الاقوامی دباؤ مزید بڑھ جائے گا۔
من آنگ ہلائینگ نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران فوج کی کمان سنبھال رکھی تھی۔ اُنہوں نے بعدازاں سال 2021 میں فوجی بغاوت کے ذریعے آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کا تختہ اُلٹ دیا تھا۔

عالمی عدالتِ انصاف اب یہ جائزہ لے رہی ہے کہ آیا میانمار نے نسل کشی کا جُرم کیا ہے یا نہیں (فائل فوٹو: آئی ٹی وی)

من آنگ ہلائینگ رواں سال ہی ملک کے سویلین صدر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی حکومت کو جائز تسلیم کرانے کے لیے سفارتی مہم چلا رہے ہیں، تاہم عالمی عدالت کا فیصلہ اُن کی اِن کوششوں کو مشکل بنا سکتا ہے۔
میانمار ہمیشہ نسل کشی کے الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔ اُس کا مؤقف ہے کہ اِس کی کارروائیاں باغی جنگجوؤں کی مسلح بغاوت کے خلاف تھیں، جن کے حملوں میں سکیورٹی اہلکاروں کے ایک درجن ارکان ہلاک ہوئے تھے۔
قانونی ماہرین اس مقدمے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کیوں کہ اس سے انہیں یہ اندازہ لگانے میں مدد مل سکتی ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف اپنے سامنے موجود ایک اور اہم مقدمے کو کس طرح دیکھے گی۔ یہ مقدمہ جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیل پر غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے الزامات سے متعلق ہے۔

شیئر: