Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہر سال کروڑوں سرخ کیکٹرے سمندر کی جانب نقل مکانی کیوں کرتے ہیں؟

سمندر تک پہنچنے والے ان کیکڑوں کی نقل مکانی کا وقت چاند کی گردش سے جڑا ہوتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے جزیرے کرسمس آئی لینڈ پر 10 کروڑ سے زائد سرخ کیکڑوں نے جنگلات سے سمندر کی جانب اپنی سالانہ نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے کارکنوں نے رواں ہفتے بتایا کہ بارشوں کا موسم شروع ہوتے ہی یہ کیکڑے افزائشِ نسل کے لیے سمندر کا رخ کرتے ہیں۔
بحیرہ ہند میں واقع اس دور افتادہ آسٹریلوی علاقے میں کیکڑوں کی یہ سالانہ نقل مکانی بارشوں کے موسم کے آغاز کے ساتھ ہوتی ہے۔ اس دوران لاکھوں کی تعداد میں کیکڑے اپنے بلوں سے نکل کر افزائشِ نسل کے لیے ساحل کی جانب روانہ ہوتے ہیں۔
جنگلات سے گزرتے ہوئے، سڑکیں عبور کرتے اور پلوں پر سے گزر کر سمندر تک پہنچنے والے ان کیکڑوں کی نقل مکانی کا وقت چاند کی گردش سے جڑا ہوتا ہے۔ آسٹریلیا کے محکمہ پارکس کے مطابق کیکڑے چاند کے آخری چوتھائی مرحلے میں مدوجزر کے اس وقت افزائشِ نسل کرنا چاہتے ہیں جب مدِ آب اتر رہا ہو اور طلوعِ آفتاب میں کچھ وقت باقی ہو۔
اس غیر معمولی قدرتی منظر کے انتظام اور کیکڑوں کے تحفظ کے لیے جزیرے پر کئی ماہ پہلے سے تیاریاں شروع کر دی جاتی ہیں۔ کرسمس آئی لینڈ انڈونیشیا سے 350 کلومیٹر (217 میل) جنوب میں واقع ہے جبکہ آسٹریلیا کے مرکزی براعظم سے اس کا فاصلہ ایک ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ ہے۔
آسٹریلیا کے محکمہ پارکس کے زیر انتظام کرسمس آئی لینڈ نیشنل پارک کے مینیجر کرس چارٹریس نے کہا کہ ’دنیا بھر سے لوگ کرسمس آئی لینڈ پر جنگلی حیات کے اس حیرت انگیز منظر کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ مسلسل جاری تحفظ کی کوششیں سرخ کیکڑوں کی آبادی میں اضافے کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوئی ہیں، بالخصوص ’ییلو کریزی اینٹس‘ (پیلی پاگل چیونٹیوں) کو قابو کرنے کے اقدامات، جو سرخ کیکڑوں کے لیے سب سے بڑے خطرات میں سے ایک ہیں۔
ان چیونٹیوں کو ’کریزی‘ یعنی پاگل ان کے بے قابو اور تیز رفتار رویے کی وجہ سے کہا جاتا ہے، خصوصاً جب انہیں چھیڑا جائے۔ یہ چیونٹیاں سرخ کیکڑوں کے بلوں پر قبضہ کر کے ان کے مسکن پر قابض ہو گئی تھیں، جس کے نتیجے میں اندازے کے مطابق کروڑوں کی تعداد میں کیکڑے اپنے ٹھکانوں سے بے دخل ہوئے۔

کیکڑوں کے تحفظ کے لیے جزیرے پر کئی ماہ پہلے سے تیاریاں شروع کر دی جاتی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ماحولیاتی تحفظ کے کارکنوں کے مطابق ان چیونٹیوں کی تعداد پر قابو پانے کی کوششوں کے نتیجے میں سرخ کیکڑوں کی آبادی دوبارہ بڑھ کر تقریباً پانچ کروڑ سے موجودہ سطح، یعنی 10 کروڑ سے زیادہ، تک پہنچ گئی ہے۔
کرس چارٹریس نے کہا کہ ’یہ اس بات کی بڑی حوصلہ افزا علامت ہے کہ کیکڑوں کی آبادی پھل پھول رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سرخ کیکڑے اس جزیرے کے ماحولیاتی نظام میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جنگلات کی صحت برقرار رکھنے میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب کیکڑے اچھی حالت میں ہوتے ہیں تو پورے ماحولیاتی نظام کو اس کا فائدہ پہنچتا ہے۔‘
کرسمس آئی لینڈ رقبے کے لحاظ سے ایک چھوٹا جزیرہ ہے، جس کا مجموعی رقبہ صرف 135 مربع کلومیٹر ہے۔

شیئر: