دو لاکھ 84 ہزار غیرملکی اور ایک لاکھ 16 ہزار سعودی ملازمت سے فارغ
دو لاکھ 84 ہزار غیرملکی اور ایک لاکھ 16 ہزار سعودی ملازمت سے فارغ
ہفتہ 3 اکتوبر 2020 18:12
تین ماہ کے دوران 53 ہزار سے زیادہ سعودیوں نے استعفے دیے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران ملازمت سے فارغ ہونے والے سعودیوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ دو لاکھ 84 ہزار سے زیادہ غیر ملکیوں کو ملازمتیں چھوڑنا پڑی ہیں۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ شماریات نے نئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سال رواں 2020 کی دوسری سہ ماہی کے دوران 53 ہزار سے زیادہ سعودیوں نے استعفے دیے۔
یہ استعفے کورونا وبا کے موقع پر دیے گئے جبکہ اسی مدت کے دوران 36 ہزار سے زیادہ سعودیوں کی ملازمت کے معاہدے ختم ہوئے۔
محکمہ شماریات نے رپورٹ میں بتایا کہ 11 ہزار سے زیادہ سعودیوں جن میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہیں کی ملازمت کے معاہدے قانون محنت کی دفعہ 80 کے تحت منسوخ کیے گئے۔
سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران ملازمت سے فارغ ہونے والے سعودیوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ سولہ ہزارسے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران 2 لاکھ 84 ہزار سے زیادہ غیرملکیوں نے ملازمتیں چھوڑی ہیں۔ ان میں سے 60 ہزار ایسے ہیں جنہوں نے استعفے دیے۔
محکمہ شماریات کے مطابق 2020 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں دوسری سہ ماہی کے دوران سعودیوں میں بے روزگاری کی شرح 15.4 فیصد بڑھ گئی ہے۔
پہلی سہ ماہی کے دوران بے روزگاری کی شرح 11.8 فیصد تھی۔ اس طرح پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں دوسری سہ ماہی کے دوران برسر روزگار افراد کی تعداد میں 0.03 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
ملازمین کی مجموعی تعداد 13.630 ملین ریکارڈ کی گئی جو 2020 کی پہلی سہ ماہی میں 13.635 ملین تھی۔ تین ماہ کے دوران 5 ہزار کی کمی واقع ہوئی ہے۔
2020 کی دوسری سہ ماہی کے آخر میں سعودی کارکنوں کی مجموعی تعداد 3.17 ملین تک آگئی جبکہ پہلی سہ ماہی میں ان کی تعداد 3.203 تھی۔