Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ کی طبیعت میں بہتری، ہسپتال سے فارغ ہونے کا امکان

جمعے کو ٹرمپ کی آکسیجن کی سطح پریشان کن حد تک گر گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈاکٹروں نے اتوار کو بتایا کہ ان کی حالت 'مسلسل بہتری' کی طرف جا رہی ہے اور کہا ہے کہ ان کا آج (پیر کو) ہسپتال سے فارغ ہونے کا امکان ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ کی طبی ٹیم کا کہنا ہے کہ ان کے آکسیجن کی سطح حالیہ دنوں میں دو بار گری ہے اور سٹیرائیڈز سے ان کا علاج کیا جارہا ہے، تاہم طبی ٹیم نے 74 سالہ صدر کی صحت کی مثبت تشخیص کی ہے۔
ٹرمپ کے ڈاکٹر شون کونلے کا کہنا ہے کہ ان کی صدر سے جب آخری بار بات ہوئی تھی تب سے اب تک ان کی صحت میں بہتری آئی ہے۔ '(لیکن) کسی بھی بیماری کی طرح ان کی طبیعت میں اتار چڑھاؤ رہا۔'
شون کونلے نے مزید کہا کہ صدر کو طبیعت ناساز ہونے پر جمعے کو والٹر ریڈ ملٹری میڈیکل سینٹر لے جایا گیا تھا، اس وقت ان کی آکسیجن کی سطح پریشان کن حد تک نیچے گر رہی تھی۔
ہسپتال میں داخل کروائے جانے سے قبل انہیں وائٹ ہاؤس میں آکسیجن دی گئی تھی۔
ٹرمپ کے ایک اور ڈاکٹر برائن گاریبالڈی کا کہنا ہے کہ صدر چل پھر رہے تھے اور بہتر محسوس کر رہے تھے۔  
'آج کا ہمارا پلان ہے کہ انہیں کھلائیں اور پلائیں اور انہیں جتنا ہو سکے بستر سے باہر رکھیں۔۔۔'
ان کا مزید کہنا ہے کہ 'اگر وہ آج کی طرح بہتر دیکھتے اور محسوس کرتے رہے تو ہمیں امید ہے کہ ہم انہیں وائٹ ہاؤس کے لیے کل تک (ہسپتال سے) فارغ کردیں جہاں وہ اپنا علاج مکمل کروا سکتے ہیں۔'

ٹرمپ کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ صدر چل پھر رہے تھے اور بہتر محسوس کر رہے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

وائٹ ہاؤس کے چیف آف سٹاف مارک میڈوز نے سنیچر کو کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کی صحت نے ڈاکٹروں کو 'بہت تشویش' میں مبتلا کردیا تھا، لیکن وہ بہتر ہوئے اور کبھی یہ رسک نہیں تھا کہ انہیں اپنے اختیارات منتقل کرنا پڑتے۔
مارک میڈیوز نے فاکس نیوز کو یہ بیان ایک ایسے دن کے اختتام پر دیا جب صدر کی صحت سے متعلق مختلف بیانات دیے جارہے تھے۔
سنیچر کی رات کو شون کونلے نے کہا تھا کہ ٹرمپ کی حالت خطرے سے باہر نہیں لیکن طبی ٹیم 'محتاط طور پر پُرامید' تھی۔
سنیچر کو ہی صدر نے اپنے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو ڈالی جس میں وہ پُرسکون نظر آرہے تھے اور ناظرین کو بتا رہے تھے کہ وہ 'جلد واپس' آئیں گے، تاہم ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ آنے والے دن 'اصل امتحان' ہوں گے۔

شیئر: