Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ اور عسیر سمیت کئی علاقوں میں دوسرے دن بھی بارش

بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں جازان، عیسر، باحہ اور مکہ میں مختلف مقامات پر بدھ کو بھی بارش ہوئی ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہر موسمیات ڈاکٹر عبداللہ المسند نے بتایا کہ سنیچر سے سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے اور موسم خوش گوار ہوجائے گا۔ اس سے ساحل کے آس پاس واقع علاقے مستثنیٰ ہوں گے جہاں درجہ حرارت میں کمی برائے نام ہوگی۔ 
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق بدھ کو عسیر ریجن میں تیز ہوائیں چلتی رہیں۔ گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے۔ ابہا شہر کے علاوہ سات کمشنریوں میں رات 8 بجے تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ 
باحہ سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق چھ کمشنریوں سمیت باحہ شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ رات دیر گئے تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 

باحہ شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے (فوٹو: عرب نیوز)

مکہ ریجن کی کمشنری حائل، میسان، العرضیات اور الکامل میں دن بھر گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں جس سے حد نظر محدود ہوگئی۔ ان تمام مقامات پر مطلع چھایا ہوا ہے۔ گرج چمک کے ساتھ بارش کی اطلاعات ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے بیان میں کہا ہے کہ جمعرات سے آئندہ ہفتے تک تبوک، الجوف، حدود شمالیہ اور حائل ریجنوں میں درجہ حرارت رفتہ رفتہ کم  ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت 15 اور زیادہ سے زیادہ 19 سینٹی گریڈ ہوگا۔ خوش گوار موسم کے اثرات قصیم، ریاض اور الشرقیہ تک پھیل جائیں گے۔ 
بیان میں مزید کہا گیا کہ جمعرات کو مکہ اور مدینہ کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس سے قبل دونوں علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی۔ مشرقی ریجن کے بعض علاقے بھی تیز ہواؤں کی زد میں ہوں گے۔ 

شیئر: