Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے سیریز: بنگلہ دیش کے ریویو پر پاکستان نے میچ ریفری کو شکایت کیوں درج کرائی؟

بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز 2-1 سے جیت لی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے میرپور میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کے 19ویں اوور کی آخری گیند پر بنگلہ دیش کو ایل بی ڈبلیو ریویو کی اجازت دینے کے معاملے پر آن فیلڈ امپائر کمار دھرماسینا کے فیصلے کے خلاف میچ ریفری نیامور راشد سے شکایت درج کرا دی ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق پاکستان ٹیم مینجمنٹ کا مؤقف ہے کہ بنگلہ دیش نے ریویو اس وقت لیا جب اس گیند کا ری پلے سٹیڈیم کی بڑی سکرین پر دکھایا جا چکا تھا۔
ریویو لینے کا یہ فیصلہ اور اس کے نتائج نے میچ میں بنگلہ دیش کو ناقابلِ شکست پوزیشن میں پہنچا دیا۔ اس گیند سے پہلے پاکستان کو جیت کے لیے دو گیندوں پر 12 رنز درکار تھے۔ ریشاد حسین نے لیگ سٹمپ پر فلائٹڈ گیند کرائی جو مڑ کر لیگ سائیڈ کی جانب شاہین آفریدی سے دور نکل گئی جسے امپائر نے وائیڈ قرار دیا۔
مختصر مشاورت کے بعد بنگلہ دیش نے ایل بی ڈبلیو کے لیے ریویو لینے کا فیصلہ کیا حالانکہ بظاہر گیند شاہین آفریدی کی ٹانگ یا جسم کے کسی حصے کے قریب بھی نہیں تھی۔
معمول کے قواعد کے مطابق ریویو کا فیصلہ کھلاڑیوں کے سامنے ری پلے آنے سے پہلے کیا جانا چاہیے تاکہ ان پر اثرانداز نہ ہو۔ تاہم پاکستان کا کہنا ہے کہ چونکہ گیند ابتدائی طور پر وائیڈ دی گئی تھی، اس لیے ریویو کا کوئی واضح جواز نہیں تھا اور پروٹوکول پر عمل نہیں ہوا۔
پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے مطابق سٹیڈیم کی بڑی سکرین پر گیند کو بیٹ کے قریب سے گزرتے دکھایا گیا جس سے ممکنہ طور پر بنگلہ دیش کو اشارہ ملا کہ گیند بیٹ سے لگی ہے۔
ٹیم مینجمنٹ اس بات پر بھی برہم ہے کہ ممکنہ طور پر بنگلہ دیش کو 15 سیکنڈ کی مقررہ حد سے باہر ریویو لینے کی اجازت دی گئی۔ براڈکاسٹ پر کوئی ٹائمر دکھائی نہیں دیا، اس لیے اس کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔
شاہین آفریدی کی واضح جھنجھلاہٹ کی وجہ اُس وقت سامنے آئی جب ڈی آر ایس ہاک آئی پر گیا، جہاں گیند کے بیٹ کے نچلے حصے سے گزرنے کے لمحے سپائیک نظر آیا، جس سے ظاہر ہوا کہ گیند بیٹ کے کنارے سے لگی تھی اور اس لیے وائیڈ نہیں ہو سکتی تھی۔
بنگلہ دیش ریویو ہار گیا، مگر وائیڈ کا فیصلہ واپس لے لیا گیا اور ہدف ایک گیند پر 12 رنز رہ گیا۔ آخری گیند پر شاہین آفریدی سٹمپ ہوگئے اور غصے میں سٹمپس پر بیٹ دے مارا۔ یوں بنگلہ دیش نے میچ 11 رنز سے جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔
ابھی واضح نہیں کہ پی سی بی میچ ریفری سے کیا کارروائی چاہتا ہے، تاہم ذرائع کے مطابق کم از کم وہ کسی غلطی کے عوامی اعتراف کی توقع رکھتے ہیں۔
یہ لگاتار دوسرا میچ ہے جس میں پاکستان خود کو متنازع فیصلے کا شکار سمجھ رہا ہے۔ دوسرے ون ڈے میں سلمان آغا، مہدی حسن مرزا کو گیند واپس دینے کی کوشش میں کریز سے باہر نکلے اور رن آؤٹ ہوگئے تھے۔ اس پر وہ کافی برہم نظر آئے اور تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد انہوں نے بیٹ اور دستانے زمین پر پھینک دیے جس پر انہیں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ اور میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ ہوا، جبکہ مہدی کو اس واقعے پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کیا گیا۔

 

شیئر: