Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پولیس اہلکار اساتذہ کو سلیوٹ کرنے کے پابند ہوں گے‘

پولیس کانسٹیبل سے انسپکٹر تک کے رینک کے اہلکار اساتذہ کو سلیوٹ کرنے کی پابند ہوں گے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے صوبہ سندھ میں حیدرآباد رینج کے پولیس چیف ڈاکٹر جمیل احمد نے اپنے ماتحت کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر رینک تک افسران کو اساتذہ کی تعظیم یقینی بنانے کے تحریری احکامات جاری کرتے ہوئے اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ اساتذہ کو سلیوٹ کریں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
5 اکتوبر کو گزرے عالمی یوم اساتذہ کے تناظر میں حیدرآباد رینج پولیس کے چیف ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ڈاکٹر جمیل احمد کے دفتر سے جاری کیے گئے مراسلے میں حیدرآباد، میرپور خاص اور شہید بینظیر آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرلز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت اہلکاروں سے اساتذہ کی تعظیم و تکریم یقینی بنائیں۔
اے آئی جی ڈاکٹر جمیل نے مراسلے میں ہدایت کی کہ کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر رینک تک کے پولیس افسران پر لازم ہوگا کہ وہ جب بھی کسی استاد سے ملیں یا کوئی استاد پولیس سٹیشن تشریف لائیں تو وہ ان کی تعظیم کرتے ہوئے انہیں سلیوٹ کریں گے، اور ان کے مسئلے کا ترجیحی بنیادوں پر میرٹ پر حل یقینی بنائیں گے۔
مراسلے میں اس بات کی طرف نشاندہی کی گئی کہ ترقی یافتہ ممالک میں اساتذہ کا نہایت ادب اور احترام کیا جاتا ہے اور نہ صرف سرکاری اہلکار بلکہ عدالتی عہدیدار بھی اساتذہ کی عزت و تکریم کرتے ہیں۔
مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ ’اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور ان کی انتھک محنت کے بغیر انسان ترقی نہیں کر سکتا۔‘

رواں سال کے اوائل میں جب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک میں ہنگامی صورتحال نافذ تھی، تب پولیس کی جانب سے ڈاکٹروں اور نرسنگ سٹاف کی تعظیم کے لیے بھی ایسا ہی احکامات جاری کیے گئے تھے۔ جس کا مقصد پولیس کی جانب سے فرنٹ لائن پر وبا سے لڑنے والے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کوششوں کو سراہنا اور انہیں تعظیم و تکریم سے نوازنا تھا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: