Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈھائی لاکھ زائرین کو عمرہ ادائیگی کی اجازت

تیسرے مرحلے میں غیر ملکیوں کو عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔ فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب نے دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ مقامی زائرین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب نے عمرے پر عائد پابندی اٹھانے کے بعد مرحلہ وار عمرہ ادائیگی کی اجازت دی ہے جس کا آغاز 4 اکتوبر سے کیا گیا تھا۔
سعودی گزٹ کے مطابق عمرہ کی مرحلہ وار ادائیگی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے 18 اکتوبر سے 2 لاکھ 50 ہزار مقامی زائرین کو عمرے کی اجازت دی جائے گی۔ زائرین کو مسجد نبوی اور مسجدالحرام میں بھی عبادت کی اجازت ہوگی۔
سعودی حکومت نے 18 اکتوبر سے زائرین کے لیے روضہ شریف کے علاوہ مدینہ میں واقع مسجد نبوی کا پرانا حصہ بھی کھول دیا ہے۔ 31 مئی سے مسجد نبوی کے صحن نماز کی ادائیگی کے لیے کھول دیے گئے تھے جہاں محدود تعداد میں عبادت گزاروں کو احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے نماز ادا کرنے کی اجازت تھی۔
سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ کے رکن حانی العمیری نے سعودی گزٹ کو بتایا کہ دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ عمرہ زائرین کے علاوہ 6 لاکھ  سے زائد عبادت گزاروں کو مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔
حانی العمیری کے مطابق زائرین کو عمرہ ادائیگی اور مسجدالحرام اور روضہ شریف پر حاضری کے لیے پرمٹ کی ضرورت ہوگی جو ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے رجسٹر کر کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

دوسرے مرحلے میں 6 لاکھ سے زائد کو مسجد الحرام میں نماز کی اجازت ہے۔ فوٹو اے ایف پی

جبکہ تیسرے مرحلے میں غیر ملکی زائرین کو عمرہ ادائیگی اور روضہ شریف پر حاضری کی اجازت ہوگی جس کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا۔
حانی العمیری کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں کہ کتنے ممالک کے شہریوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کے پیش نظر عمرہ زائرین کے لیے احتیاطی تدابیر واضح کر دی گئی ہیں جس کے تحت بسوں میں صرف چالیس فیصد سیٹوں کو مسافرین کے زیر استعمال لایا جائے گا۔ جبکہ ایک کمرے میں صرف دو عمرہ زائرین کو اکھٹے رہنے کی اجازت ہوگی۔
4 اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے مرحلے میں 6 ہزار زائرین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی جو صرف سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں تک کے لیے محدود تھی۔ ہر گروپ کو عمرہ ادائیگی کے مراحل مکمل کرنے کے لیے تین گھنٹوں تک کا وقت دیا گیا تھا تاہم زائرین کو کعبہ اور حجر اسود کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہے۔
احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مسجدالحرام کو دن میں دس مرتبہ جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے، جبکہ آب زم زم کی بند بوتلیں زائرین میں تقسیم کی جا رہی ہیں۔

شیئر: