Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ بحالی کا دوسرا مرحلہ: نمازیوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل

اجازت ناموں کے مطابق اوقات کی پابندی کرنا ہوگی (فوٹو: اخبار 24)
مقدس مساجد کی انتظامیہ نے اتوار یکم ربیع الاول 1442ھ مطابق 18 اکتوبر 2020 سے نمازیوں کے استقبال کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں- اتوار سے محدود عمرہ پروگرام کی بحالی کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا-
اخبار 24 کے مطابق مسجد الحرام کی انتظامیہ کے ترجمان ھانی حیدر نے بتایا کہ انتظامات میں سب سے زیادہ زور نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر پر دیا گیا ہے- اتوار سے حفاظتی تدابیر زیادہ سخت ہوں گی- علاوہ ازیں زائرین کو متعدد سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی-
ھانی حیدر نے بتایا کہ مسجد الحرام اور اس سے متعلقہ مقامات کی دھلائی، صفائی اور سینیٹائزنگ کا سلسلہ بڑھا دیا گیا- مسجد الحرام میں نماز کے لیے آنے والوں کا انتخاب اعتمرنا ایپ کے ذریعے کیا جارہا ہے۔ انہیں حرم میں سپیشل ٹریکس سے اندر لے جایا جائے گا- نمازیوں کے لیے جگہیں متعین کردی گئی ہیں- سماجی فاصلے  والی علامتیں چسپاں کردی گئی ہیں- ہر نمازی کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھا جارہا ہے-
ھانی حیدر نے تاکید کی کہ مسجد الحرام آنے والے ہر زائر کو ماسک کی پابندی کرنا ہوگی- بار بار ہاتھ دھونے کا اہتمام کرنا ہوگا- اجازت ناموں کے مطابق اوقات کی پابندی کرنا ہوگی-
دریں اثنا وزیر حج وعمرہ محمد صالح بنتن نے عمرہ و زیارت کی بحالی کے دوسرے مرحلے کے انتظامات کا معائنہ کیا- نئے مرحلے میں زائرین کو مسجد الحرام میں نماز و عمرے، روضہ اطہر پر حاضری اور روضہ شریفہ میں نماز کی اجازت ہوگی-
وزیر حج و عمرہ نے مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلٰی ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس اور مدینہ میں سکیورٹی فورس کے کمانڈروں سے ملاقات کرکے تمام انتظامات کے بارے میں اطمینان حاصل کیا-
یاد رہے کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے چار نئے اجازت ناموں کا اجرا شروع کردیا گیا ہے جس کے ذریعے مسجد الحرام میں نماز، روضہ شریفہ میں خواتین کے لیے نماز، روضہ شریفہ میں مردوں کے لیے نماز اور روضہ رسول کے اجازت نامے دیے جانے لگے ہیں-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: