Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہزاروں تارکین وطن سعودی عرب واپسی کے خواہش مند

سعودی عرب نے دنیا کے 20 شہروں سے فضائی رابطے بحال کر دیے ہیں۔ فوٹو: شٹر سٹاک
سعودی عرب سے بین الاقومی پروازیں بحال ہونے کے بعد انڈیا اور پاکستان سمیت برصغیر کے دیگر ممالک سے ہزاروں تارکین وطن نے سعودی عرب واپس جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن نے مختلف ملکوں کے 20 شہروں کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے، جن میں اومان، دبئی، تیونس، قاہرہ، سکندریہ، خرطوم، نیروبی، ادیس ابابا، ایمسٹرڈیم، فرینکفرٹ، استنبول، لندن، میڈرڈ، پیرس، واشنگٹن ڈی سی، اسلام آباد، جکارتہ، کراچی، کوالا لمپور اور منیلا شامل ہیں۔
سعودیہ ایئر لائن کے ایک اہلکار نے عرب نیوز کو بتایا کہ پروازیں بحال ہونے کے بعد بلخصوص انڈیا اور پاکستان سے تارکین وطن کی بڑی تعداد واپس سعودی عرب جانا چاہتی ہے۔
ایئر لائن کے اہلکار کے مطابق سعودی عرب میں مقامی پروازوں کے ذریعے سفر سے قبل کورونا کا ٹیسٹ کروانے کی ضرورت نہیں، تاہم پرواز کے دوران سماجی فاصلہ رکھنے کے باعث ایئر لائن کے آپریشنز متاثر ہوئے ہیں۔
جہازوں کی مکمل صفائی اور جراثیم سے محفوظ کرنے کے لیے سعودی ایئر لائنز ’الٹرا وائلٹ سی لائٹ‘ طریقہ کار اپنا رہی ہیں۔ ایئر پورٹس کے تمام ہالز اور کمروں کے علاوہ جہازوں کو ہر پرواز کے بعد جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔ 
بین الاقوامی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق سعودی ایئر پورٹس کو باقاعدگی سے جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔
سعودیہ ایئر لائن کے اہلکار کے مطابق جراثیم سے محفوظ کرنے کے لیے سینیاٹائزیشن کا عمل تفصیل سے کیا جاتا ہے، جن میں دروازوں، گیٹ، دیواروں، ویٹنگ ہالز میں کرسیاں، پاسپورٹ چیک پوائنٹس، سامان والے سکینرز اور ٹرالی اور واش روم کی مکمل صفائی شامل ہے۔ 
کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب نے بھی بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ چھ ماہ کے تعطل کے بعد پہلے مرحلے میں 15 ستمبر سے جزوی طور پر بعض شہروں کے لیے پروازیں بحال کی گئیں۔

پرواز کے دوران سماجی فاصلہ رکھنے کے باعث ایئر لائن کے آپریشنز متاثر ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ہر قسم کی فضائی، زمینی اور سمندری سفری پابندیاں آئندہ سال یکم جنوری کے بعد سے اٹھا دی جائیں گی، تاہم اس حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان دسمبر میں کیا جائے گا۔
سعودیہ ایئرلائن کی پروازیں دنیا بھر میں 85 مختلف مقامات تک جاتی ہیں۔ 
جمعرات کے روز سعودی عرب میں کورونا کے باعث 19 مزید افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد کُل اموات کی تعداد 5 ہزار 127 ہو گئی جبکہ 472 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد سعودی عرب میں کورونا متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 41 ہزار 62 ہو گئی ہے۔
حالیہ اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں کورونا کے 8 ہزار 608 ایکٹو کیسز موجود ہیں جن میں سے 829 کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ 
سعودی وزارت صحت کے مطابق جمعرات کو مدینہ میں سب سے زیادہ نئے کورونا کے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں جن کی تعداد 83 بتائی گئی ہے، جبکہ مکہ میں 38 اور ریاض میں 25 ہیں۔
سعودی عرب میں 3 لاکھ 27 ہزار 327 شہری کورونا وائرا سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں کورونا کی تشخیص کے لیے اب تک 72 لاکھ 14 ہزار 793 پی سی آر ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 52 ہزار 966 ٹیسٹ کیے گئے۔

شیئر: