Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد قبا نماز فجر سے عشا تک کھلی رہے گی

روزانہ فجر سے ایک گھنٹہ پہلے مسجد کھولی جائے گی(فوٹو الریاض)
 وزیر اسلامی امور ودعوت ورہنمائی شیخ ڈاکٹر عبدالطیف آل شیخ نے کہا ہے کہ شاہی ہدایت پر مسجد قبا نمازیوں کے لیے نماز فجر سے عشا تک کھولی جائے گی۔
روزانہ فجر سے ایک گھنٹہ پہلے مسجد کھولی جائے گی اور عشا کی نماز کے بعد بند کردی جائے گی۔ نمازی دن بھر کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر کی پابندی کے ساتھ مسجد کی زیادت اور عباد ت کرسکیں گے۔ 
سبق ویب کے مطابق  مدینہ منورہ میں وزارت اسلامی امو ر کے ڈائریکٹر جنرل وجب بن علی العتیبی نے بتایا کہ فیصلے پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔ ماضی کے مقابلے میں مسجد کھولنے کا دورانیہ بڑھا دیا گیا۔ روزانہ نماز فجر سے ایک گھنٹے پہلے کھلے گی اور نماز عشا کے ایک گھنٹے بعد بند ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مسجد قبا میں نمازیوں اور زائرین کے لیے جملہ سہولتیوں کا بندوبست کردیا گیا ہے۔ تربیت یافتہ عملہ زائرین اور نمازیوں کو تمام خدمات فراہم کر رہا ہے۔ 
وجب بن علی العتیبی نے مزید کہا کہ زائرین اور نمازیوں سے ایس او پیز کی پابندی کرائی جا رہی ہے۔ سیناٹائزنگ اور صفائی کا بندوبست بھی کردیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق محکمہ صحت نے اطمینان دلایا ہے کہ اتوار سے نمازیوں کی خدمت کے لیے میڈیکل ٹیمیں بھی موجود ہوں گی۔
مسجد قبا اسلام کی پہلی مسجد ہے جہاں دو رکعت نوافل کی ادائیگی سے عمرہ کا ثواب ملتا ہے۔ یہ مسجد ہجرت کے موقع پر مدینہ منورہ شہر کے باہر تعمیر کی گئی۔

شیئر: