Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تنومہ کے پہاڑی جنگلا ت میں آگ بجھانے کی کوشش جاری

’آتشزدگی شہری آبادی سے دور ہے، ابھی تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘ ( فوٹو: سبق)
عسیر ریجن کی تنومہ کمشنری کے پہاڑی جنگلات میں زبردست آگ لگ گئی جس پر قابو پانے کے لیے شہری دفاع کی متعدد ٹیمیں کوشش کر رہی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے  مطابق تیز ہوا کے باعث آگ کا رقبہ کافی حد تک پھیل گیا ہے تاہم اس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری طرف عسیر گورنریٹ نے اعلامیہ جاری کر کے کہا ہے کہ ’تنومہ کے پہاڑی جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے گورنریٹ کی طرف سے متعدد ٹیمیں مدد کے لیے پہنچ چکی ہیں‘۔
’گورنریٹ نے تنومہ کمشنری کی امدادی ٹیموں کی مدد کے لیے نماص کمشنری کے محکمہ شہری دفاع کو مدد کرنے کی ہدایت کی ہے‘۔
’دونوں کمشنریوں کی امدادی ٹیموں کے لیے گورنریٹ کے تحت آپریشن روم قائم کیا گیا ہے جو ٹیموں کو مناسب ہدایات فراہم کر رہا ہے‘۔
گورنریٹ نے کہا ہے کہ ’آتشزدگی جنگلات تک محدود ہے، یہ شہری آبادی سے دور ہے نیز اب تک اس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘۔
دریں اثنا عسیر ریجن میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کیپٹن محمد بن عبدہ السید نے کہا ہے کہ ’آتشزدگی کی اطلاع بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ملی تھی جس  کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ کی گئیں‘۔
’یہ غلامہ پہاڑیوں کے جنگلات میں لگنے والی آگ ہے جہاں کا راستہ انتہائی سنگلاخ اور مشکل ہے، آگ بھجانے کے لیے ہیوی مشینوں کا استعمال نہیں کیا جاسکتا‘۔
’آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے پیدل ٹیمیں کام کر رہی ہیں تاہم اس طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے شہری دفاع نے آلات تیار کر رکھے ہیں‘۔
’احتیاطی تدابیر کے طور پر قریب ترین آبادی کو الرٹ کر دیا گیا ہے جہاں شہری دفاع کا عملہ ہنگامی صورتحال میں مداخلت کے لیے تیار ہے‘۔

شیئر: