Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے چار سو برس پرانے مشہور گھر

نصیف ہاؤس جدہ کا مشہور ترین گھر ہے- فوٹو اخبار 24
جدہ کے مشہور ترین تاریخی گھروں نے عالمی ورثے کی حیثیت اختیار کرلی ہے۔ البلد کے علاقے میں واقع مکانات والا علاقہ جدہ تاریخیہ کہلاتا ہے۔ یونیسکو نے جدہ تاریخیہ کو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کیاہے۔  
اخبار 24 کے مطابق جدہ کا تاریخی علاقہ ایک  مربع کلو میٹر میں پھیلا  ہوا ہے یہاں 400 سے زیادہ  تاریخی مکانات ہیں۔ بعض چار سو برس سے کہیں زیادہ پرانے ہیں۔ ان کے مکینوں کی کہانیاں تاریخی ورثہ بن گئی ہیں۔ ان مکانات کے معمار کون تھے۔ شہر کی سماجی، ثقافتی اور اقتصادی ترقی میں ان کا کیا حصہ ہے۔ جدہ کے تاریخی گھروں سے تاریخ ساز شخصیات کی یادیں جڑی ہوئی ہیں۔ 
جدہ کے تاریخی علاقے کے مشہور ترین مکانات یہ ہیں- 
نصیف ہاؤس: یہ جدہ کا مشہور ترین گھر ہے۔  145 برس قبل 900 مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا گیا تھا۔ یہاں شاہ عبدالعزیز نے دس برس تک قیام کیا۔ یہ فن تعمیر کا خوبصورت تحفہ ہے- چار منزلہ گھر چالیس کمروں پر مشتمل ہے۔ جدہ کے تاریخی علاقے کی سیر اس کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔ 

اسے  شیخ محمد صالح باعشن نے 1273ھ میں تعمیر کرایا تھا- فوٹو اخبار 24

باعشن ہاؤس:  شیخ محمد صالح باعشن نے 1273ھ میں تعمیر کرایا تھا اور یہ اپنے دور میں علوم و ثقافت کا مینارہ تھا۔ یہاں ثقافتی و علمی پروگرام منعقد ہوتے۔ یہ عمدہ (چوہدری) کا  صدر دفتر بھی تھا۔ اس کے دو حصے ہیں۔ دونوں قدیم ورثے، قلمی نسخوں اور نوادر کا خزانہ ہیں۔ 

المتبولی ہاؤس چار سو برس قبل قائم کیا گیا تھا- فوٹو اخبار 24

المتبولی ہاؤس:  چار سو برس قبل قائم کیا گیا یہ گھر حجازی فن تعمیر کے حوالے سے جدہ کا مثالی گھر ہے۔ یونیسکو کا وفد اسے دیکھ کر ششدر رہ گیا تھا۔ چار منزلہ گھر کے دو دروازے ہیں۔ حال ہی میں متبولی کی اولاد نے اس کی ترمیم کرائی ہے۔  

سلوم ہاؤس 1301ھ میں تعمیر کیا گیا- فوٹو اخبار 24

سلوم ہاؤس: یہ المظلوم محلے میں واقع ہے۔ یہ 1301ھ میں تعمیر کیا گیا تھا۔  اس کا رقبہ  497 مربع میٹر ہے۔ چار منزلہ  گھر حجاازی بیٹھک پر مشتمل ہے۔ یہ قدیم گھریلو نوادر کے خزانے اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ اس میں روایتی گل بوٹے بنے ہوئے ہیں۔ اب یہ عجائب گھر میں تبدیل ہوگیا ہے۔ سیاح اسے دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ 

نورولی ہاؤس جدہ کا قدیم گھر مانا جاتا ہے- فوٹو اخبار 24

نورولی ہاؤس: یہ جدہ کا خوبصورت ترین تاریخی گھر ہے۔ جدہ کے تاریخی علاقے کا قدیم ترین مانا جاتا ہے۔ یہ ڈیڑھ سو برس سے کہیں زیادہ پرانا ہے۔ اس کے روشندان اور لکڑی کی بیرونی کھڑکیاں اب تک اپنی رونق اور اپنے رنگ کی رعنائی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ نور ولی سے قبل اس کے مالک عاشور تھے۔ گھر چار منزلہ ہے اور پندرہ بڑے کمروں پر مشتمل ہے۔ 

الشربتلی ہاؤس شہر کی تاریخ کا گواہ ہے- فوٹو اخبار 24

الشربتلی ہاؤس:  الشربتلی ہاؤس جدہ کے قدیم گھروں میں سے ایک ہے۔ یہ شہر کی اہم تاریخ کا گواہ ہے۔ یہاں 20 برس تک مصر کا سفارتی مشن سکونت پذیر رہا۔ حال ہی میں اس کی مرمت کی گئی ہے۔ یہ سیاحوں کی اہم منزل بنا ہوا ہے۔ الشریف عبدالالہ مھنا العبدلی نے اسے 1335ھ میں بنوایا تھا۔ شیخ عبداللہ الشربتلی نے اسے ان سے خرید لیا تھا۔ 

باناجہ ہاؤس میں شاہ عبدالعزیز اپنی بیٹھک کیا کرتے تھے- فوٹو اخبار 24

باناجہ ہاؤس: یہ مشہور ترین تاریخی گھروں میں سے ایک ہے۔ شاہ عبدالعزیز اس میں اپنی بیٹھک کیا کرتے تھے۔ مقامی شہری اور غیرملکی وفود یہاں ان سے ملنے کے لیے آیا کرتے تھے۔  یہ  گھر اہم ریاستی فیصلوں کا شاہد ہے۔ اس کے پڑوس میں مسجد الحنفی واقع ہے۔ یہ جدہ کی ان تاریخی مساجد میں سے ایک ہے جہاں بانی مملکت نماز پڑھ چکے ہیں۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: