Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کا ” تاریخی علاقہ“ کھلا عجائب گھر بنایا جائیگا، وزارت ثقافت

جدہ.... سعودی وزارت ثقافت نے جدہ کے تاریخی علاقے کو کھلے عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا عزم ظاہر کردیا۔ جدہ تاریخی علاقے کی انتظامیہ کے نگراں اعلیٰ عبدالعزیز العیسیٰ نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولیعہد کی تجویز پر تاریخی جدہ منصوبے کی انتظامیہ قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ ادارہ وزارت ثقافت کے ماتحت ہوگا البتہ اس کا اپنا الگ بجٹ ہوگا۔ تاریخی علاقے کو کھلے عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ سعودی ویژن 2030 کے تحت کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت نے اس مصوبے پر عملدرآمد شروع کردیا ہے ۔ الذہب اسٹریٹ کے مشرقی اور مغربی حصے کو ایک دوسرے سے جوڑ دیاگیاہے۔ اس کی بدولت سیاح قدیمی سڑکوں اور پرانے مکانات کے مناظر باآسانی دیکھ سکیں گے۔ گاڑیوں کے شور شرابے سے آزاد ہوکر تاریخی مناظر سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ یہاں انڈر پاس ختم کردیا گیا ہے۔ وزارت ثقافت کا کہنا ہے کہ نئے منصوبے کی بدولت سیاحتی اور تجارتی رواج کی راہ میں حائل بہت ساری خامیاں دور ہوجائیں گی۔ اس کی بدولت قدیم مساجد ، انواع و اقسام کے بازاراور ان کے منفرد طرز تعمیر سے فائدہ اٹھایا جاسکے گا۔ وزارت ثقافت کے ماتحت ہونے کے باعث تاریخی جدہ کے منصوبے کو ایک اضافی خصوصیت بھی حاصل ہوگئی ہے۔ وزارت سرمایہ کاروں اور سیاحت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے ازالے کے سلسلے میں بے حد سنجیدہ ہے۔ یونیسکو نے 2014ءمیں اسے تاریخی علاقہ قرار دے دیا تھا۔ العیسیٰ نے بتایا کہ شارع قابل کے اختتام پر پیدل چلنے والوں کیلئے انڈر پاس 37 برس قبل بنایا گیا تھا۔ اب اسے ختم کردیا گیاہے۔ 
 

شیئر: