Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے تاریخی علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات تیز

جدہ کا تاریخی علاقہ سیاحوں کا مرکز بنتا جارہاہے-(فوٹو سوشل میڈیا)
 سعودی کابینہ نے جدہ کے تاریخی علاقےکوعمرانی، اقتصادی ، سماجی، ثقافتی، تاریخی اور ماحولیاتی ہر لحاظ سے جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دی ہے-
الشرق الاوسط کےمطابق جدہ کا تاریخی علاقہ بین الاقوامی سیاحوں کا مرکز بنتا جارہاہے- یہ علاقہ آثار قدیمہ سے مالا مال ہے- یہ حجازی فن تعمیر کا منفرد نمونہ ہے- سعودی قیادت اس فن کو لازوال بنانے کے لیے پرعزم نظر آرہی ہے-
سعودی وزارت ثقافت کو جدہ کے تاریخی علاقے کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے اوراسے نافذ کرانے کا اختیار دیا گیا ہے-

یہ علاقہ حجازی فن تعمیر کا منفرد نمونہ ہے-(فوٹو سوشل میڈیا)

وزارت جدہ کے تاریخی علاقے کے گھروں اس کی تاریخی مساجد اور خاص پہچان والے بازاروں اور منفرد طرز تعمیر سے بھرپور فائدہ اٹھانے والی سکیمیں تیار کرے گی- ان سکیموں کے ذریعے جدہ کا تاریخی علاقہ کھلےعجائب گھر میں تبدیل ہوجائے گا-
جدہ کے تاریخی علاقے کی انتظامیہ نے البلد محلے میں تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیےاقدامات تیز کردیے ہیں- یہ علاقہ یونیسکو کی فہرست میں عالمی ورثے کے طور پر شامل ہوچکا ہے-
انتظامیہ مخدوش عمارتوں کی اصلاح و مرمت کرا رہی ہے- پرانے ڈھانچوں کو گرنےسے روکنے کے لیے اقدامات کررہی ہے-

یونیسکو نے 2014 میں اسے تاریخی علاقہ قرار دیا تھا۔(فوٹو سوشل میڈیا)

جدہ کے تاریخی علاقے میں کئی سو برس پرانی عمارتیں محفوظ ہیں- یہاں کی تاریخی عمارتوں کی اصلاح و مرمت یونیسکو کے مقرر کردہ ضوابط کے مطابق کرائی جارہی ہے-
جدہ کا تاریخی علاقہ 400 عمارتوں پر مشتمل ہے- ان میں سے 200 عمارتیں ایسی ہیں جن کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔ان کی اصلاح و مرمت کا کام انجام دیا جارہا ہے-
یاد رہے کہ یونیسکو نے 2014میں اسے تاریخی علاقہ قرار دیا تھا۔
جدہ کے  تاریخی علاقے کو کھلے عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ سعودی وژن 2030 کے تحت کیاگیا ہے۔

 

شیئر: