Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملاوٹی آٹا فروخت کرنے پر دو پاکستانیوں کو سزا

’مذکورہ افراد معروف برانڈ کی تھیلیوں میں ملاوٹی آٹا فروخت کیا کرتے تھے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت تجارت نے ملاوٹی آٹا فروخت کرنے پر دو پاکستانی تارکین کے خلاف کارروائی کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ’ریاض شہر میں دو پاکستانی تارکین وطن محمد سمان خالد جاوید اور رستم علی نے ملاوٹی آٹا فروخت کرنے کے علاوہ تاریخ انتہا میں جعلسازی کی ہے‘۔
’مذکورہ افراد معروف برانڈ کے تھیلوں میں ملاوٹی آٹا فروخت کیا کرتے تھے نیز تاریخ انتہا میں جعلسازی کر کے آگے کر دیا کرتے تھے‘۔
’مذکورہ افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں دونوں نے اپنے جرم کا اقرار کیا جس کی بنا پر انہیں ایک سال قید، سزا کے بعد ملک سے بیدخلی اور بلیک لسٹ کرنے کا حکم سنایا گیا ہے‘۔
’عدالت نے ضبط شدہ آٹا تلف کرنے کے علاوہ مقامی اخبارات میں ان کی تشہیر کرنے کا بھی حکم دیا ہے‘۔
واضح رہے کہ قبل ازیں وزارت تجارت نے ٹک ٹاک پر اپنے اکاؤنٹ میں پاکستانی تارکین کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ ملاوٹی آٹا معروف برانڈ کے تھیلوں میں پیک کر رہے تھے۔
ان کے قبضے سے آٹے کی 11 سو بوریاں ضبط ہوئی ہیں، ہر بوری میں 45 کلو آٹا تھا۔ معروف برانڈ کی متعدد تھیلیوں کے علاوہ جعلسازی میں استعمال ہونے والا سامان بھی ضبط کیا گیا ہے۔

شیئر: