Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مارکیٹنگ کے شعبے میں 20 ہزار سعودیوں کےلیے روزگار

مارکیٹنگ ایکسپرٹ کی سعودائزیشن کا پروگرام تیار کیا ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود 2021 کے آخر تک 20 ہزار مارکیٹنگ ایکسپرٹ تیار کرکے انہیں روزگار فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
وزارت نے مارکیٹنگ ایکسپرٹ کی سعودائزیشن کا پروگرام تیار کیا ہے اور اس کے نفاذ کےلیے کام کیا جا رہا ہے۔
وزارت سعودی نوجوانوں کو مارکینگ کا تجربہ دلانے کے لیے سپیشل پروگرام کرے گی۔ اس سلسلے میں مقامی کمپنیوں کو اپنی خدمات پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت نے بتایا ہے کہ  مارکیٹنگ ایکسپرٹ پیشے کی سعودائزیشن کے پروگرام کو منظم کرنے اور چلانے کے لیے ایک ایسے ادارے سے معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جسے اس سلسلے میں منفرد تجربہ حاصل ہو اور وہ بیس ہزار سعودیوں کو مارکیٹنگ ایکسپرٹ کے طور پر تیار کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہو۔
وزارت افرادی قوت نے مزید کہا کہ مارکیٹنگ ایکسپرٹ سعودائزیشن کے پروگرام کو اس وقت کامیاب سمجھا جائے گا جب یہ مطلوبہ شرائط پر پورا اترے گا۔ مثلا مارکیٹنگ ایکسپرٹ متعلقہ کمپنی میں ملازمت حاصل کرکے سوشل انشورنس میں اندراج کرائے ۔آزمائشی تجربہ کامیابی سے پورا  کیا جائے۔ کم از کم تنخواہ چار ہزار ریال ہوگی۔
وزارت افرادی قوت نے مزید کہا کہ پروجیکٹ کا مقصد روزگار کے  متلاشی نوجوانوں کو روزگار کے ایسے مواقع فراہم کرنا ہیں جو مارکیٹ میں مہیا ہیں۔ ملازمت کے تقاضے پورے کرنے کی صورت میں سعودیوں کو یہ ملازمتیں آسانی سے دلائی جاسکیں گی۔

مارکیٹنگ ایکسپرٹس کو کھپانے کے لیے کمپنیوں کی فہرست تیار کرلی گئی(فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے کہ سعودی عرب میں مارکیٹنگ کے شعبے میں غیرملکی چھائے ہوئے ہیں۔ 
وزارت کا کہنا ہے کہ سعودی مارکیٹنگ ایکسپرٹس کو کھپانے کے لیے بڑی کمپنیوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ ان کمپنیوں سے دریافت کیا گیا ہے کہ انہیں کس قسم کے مارکیٹنگ ایکسپرٹ درکار ہیں۔ ان کی شرائط کیا ہیں ان کا کام کیا ہے۔ ان تمام امور کو مدنظر رکھ کر جامع پروگرام تیار کیا گیا ہے۔

شیئر: