Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پلوامہ پر مودی نے وزیر کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا‘

انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں حملے کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان صورتحال سخت کشیدہ رہی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے پلوامہ حملے میں ملوث ہونے سے متعلق انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے قومی اسمبلی میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے تقریر کا حوالہ دیا تھا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے انڈین وزیراعظم کے بیان پر جاری کیے گئے ردعمل میں کہا گیا ہے کہ ’یہ وفاقی وزیر کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی ڈھٹائی کے ساتھ کی جانے والی کوشش ہے، جنہوں نے 26 فروری کو انڈیا کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستان کی ایئر فورس کے بھرپور جواب دینے کا حوالہ دیا تھا۔‘

 

بیان کے مطابق یہ انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا پاکستان سے متعلق لاعلاج جنون ہے جو اُن کو اپنی ہر ناکامی اور کمی کا الزام پاکستان پر لگانے پر مجبور کرتا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بی جے پی کی انتخابی سٹریٹیجی کا حصہ ہے کہ پاکستان کے ’خوف‘ کو ابھار کر ووٹرز کی مدد حاصل کی جائے تاکہ اپنے عوام کی توجہ اندرونی مسائل اور خارجہ پالیسی کی ناکامی سے ہٹائی جا سکے۔
’پاکستان کو اس بات کا مکمل یقین ہے کہ فروری 2019 کے پلوامہ حملے کا سب سے زیادہ فائدہ بی جے پی کی حکومت نے اٹھایا اور اس بنیاد پر پاکستان مخالف انتخابی مہم میں پاکستان چلا کر لوک سبھا کے الیکشن میں بڑی کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب، انڈیا آج کے دن تک پاکستان کے پلوامہ کے حملے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام کا کوئی بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔‘

دفتر خارجہ کے مطابق بی جے پی کی انتخابی سٹریٹیجی کا یہ حصہ ہے کہ پاکستان کے ’خوف‘ کو ابھار کر ووٹرز کی مدد حاصل کی جائے (فوٹو: اے ایف پی)

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت کو ایک بار پھر یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ انڈیا کی داخلی سیاست میں پاکستان کو گھسیٹنا بند کرے خاص طور پر جس وقت انڈیا میں انتخابات ہوتے ہوں۔
’بی جے پی کی قیادت کو یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ الیکشن میں پاکستان مخالف جذبات ابھارنے والے بیانات کے بجائے انڈیا کے عوام کی توقعات کے مطابق کارکردگی دکھا کر ووٹر کی سپورٹ حاصل کریں۔‘
خیال رہے کہ سنیچر کو انڈین وزیراعظم نے انڈیا کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش پر گجرات میں پلوامہ حملے سے متعلق بات کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے قومی اسمبلی میں دیے گئے بیان کا حوالہ دیا۔ 

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بی جے پی انڈیا کی داخلی سیاست میں پاکستان کو گھسیٹنا بند کرے (فوٹو: عرب نیوز)

انڈین میڈیا کے مطابق وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’پاکستان کے ایک وزیر کے پارلیمان میں بیان کے بعد گذشتہ سال پلوامہ میں ہونے والے حملے کا سچ سامنے آ گیا ہے۔‘
وزیراعظم مودی نے پلوامہ واقعہ پر سیاست کرنے پر انڈیا کی اپوزیشن جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

شیئر: