Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانس میں چرچ پر فائرنگ سے پادری زخمی

فرانس میں ایک چرچ پر فائرنگ سے ایک یونانی آرتھوڈوکس پادری زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنیچر کو فرانس کے شہر لیون میں ایک چرچ میں فائرنگ سے ایک یونانی پادری زخمی ہو گئے۔
روئٹرز نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پادری کو اس وقت دو گولیاں لگیں جب وہ چرچ کے دروازے بند کر رہے تھے۔
یہ فرانس میں دو ہفتوں کے دوران ہونے والا تیسرا حملہ ہے۔
عینی شاہدین اور ذرائع نے بتایا شام چار بجکر چار منٹ پر پادری پر اس وقت دو فائر کیے گئے جب وہ چرچ بند کر رہے تھے۔ انہیں جائے وقوعہ پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
یاد رہے کہ جمعرات کو فرانس کے نیس شہر میں ایک چرچ کے قریب حملہ  ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ حملے میں تین افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔ حملہ آور نے چاقو کے وار سے ایک شخص کی گردن کاٹ دی۔
 نیس کے میئر نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔
اس سے قبل 17اکتوبر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک حملہ آور نے استاد کا سرقلم کر دیا تھا۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی صدر نے اس واقعے کو  دہشتگردی کا عمل قرار دیا تھا۔
حملے کے بعد پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

شیئر: