Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن نتائج میں بائیڈن آگے، ٹرمپ کی سپریم کورٹ جانے کی دھمکی

امریکہ کے صدارتی انتخابات کے اب تک کے نتائج میں ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن آگے ہیں جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ صدارتی انتخاب میں کامیاب ہوچکے ہیں اور ووٹوں کی متنازع گنتی روکنے کے لیے وہ امریکی سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ 
بدھ کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الیکشن کو ’فراڈ‘ قرار دیا اور اپنی فتح کا دعویٰ کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ امریکی عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔۔۔ ہم اس انتخاب میں کامیابی کی طرف جا رہے تھے، صاف صاف کہوں تو ہم یہ انتخاب جیت گئے ہیں۔‘
اس سے قبل  ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا تھا کہ ’آج ہونے والے صدارتی انتخابات چرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘ 
اپنی ایک تازہ ٹویٹ  میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم آگے ہیں لیکن وہ انتخابات چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘ 
’ہم انہیں ایسا کبھی نہیں کرنے دیں گے۔ پولنگ ختم ہو جانے کے بعد ووٹ نہیں ڈالے جا سکتے۔‘ 
ادھر ڈیمو کریٹ امیدوار جو بائیڈن نے بدھ کی صبح کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینے کے ’راستے‘ پر ہیں۔ 
77 سالہ سابق نائب صدر نے اپنے حامیوں کو صبر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر ووٹ گنے جانے تک یہ ختم نہیں ہو گا۔‘ 
انہوں نے کہا کہ انہیں ایریزونا کی ریاست، جہاں2016 کے انتخابات میں ٹرمپ نے کامیابی حاصل کی تھی، میں جیتنے کا یقین ہے۔  

اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے انتخابات میں کامیابی کا دعویٰ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخاب میں کئی ریاستوں میں کانٹے کا مقابلہ ہو رہا ہے۔ 
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیشتر ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم ہو چکا ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
کورونا وائرس سے بچاؤ اور حفاظت کے پیش نظر تقریباً 10 کروڑ ووٹرز ووٹنگ کے دن سے قبل ہی اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے تھے۔ 

امریکی انتخابات کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اس الیکشن کو صدر ٹرمپ کی چار سالہ دور صدارت کے حوالے سے ایک ریفرنڈم بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ اگرچہ کہ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو ری پبلکن امیدوار صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل ہے، تاہم صدر ٹرمپ نے پیر کے روز چار ریاستوں میں پُرہجوم ریلیوں کے ساتھ جارحانہ انداز سے اپنی انتخابی مہم چلائی اور امریکی صدر کے لیے اپنے بے مثال دعوؤں کو دہرایا کہ 'ان کے خلاف الیکشن میں دھاندلی کا خدشہ ہے۔'

شیئر: