Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گلگت انتخابات کو شفاف بنایا جائے‘

پارٹی رہنماؤں کی اہم ملاقات میں اس بات پر اتفاق رائے ہوا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے انتخابات کو شفاف بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف اور دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی اہم ملاقات میں اس بات پر اتفاق رائے ہوا ہے۔
اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ’دونوں جماعتوں کے گلگت بلتستان کے صدور انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کے لیے حکمت عملی طے کریں گے‘۔
 ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں  کہا گیا کہ ’علاقائی اور قومی مضمرات کا تقاضا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات شفاف انتخابات بنائے جائیں۔ انتخابی عمل میں شفافیت نہ ہونے کے گہرے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں‘۔
اعلامیے کے مطابق ’عدالتی حکم کے باوجود وفاقی وزرا کا گلگت بلتستان کی انتخابی مہم میں حصہ لینا پری پول دھاندلی ہے‘۔
 دونوں جماعتوں نے گلگت بلتستان کے انتخابی عمل میں وفاقی حکومت کی مداخلت گلگت بلتستان کی عدالت اور انتخابی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
 اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ایجنڈے کے حصول کے لیے مکمل طور پہ یکسو ہیں‘۔
’ پی ڈی ایم، قوم اور ملک کو ووٹ، قومی ترقی چور، عوام پر مہنگائی اور معاشی ظلم ڈھانے والی سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی‘۔

شیئر: