’انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون‘، پاکستانی اور امریکی افواج کی مشترکہ مشق
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کی افواج کے درمیان 13ویں دو طرفہ مشترکہ مشق انسپائرڈ گیمبٹ 2026 کا آغاز ہو گیا ہے۔
سنیچر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مشترکہ مشق کا آغاز 9 جنوری 2026 کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں ہوا۔
دو ہفتوں پر مشتمل یہ مشق انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں منعقد کی جا رہی ہے، مشترکہ مشق میں پاکستانی اور امریکی افواج کے پیشہ ور دستے حصہ لے رہے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ مشترکہ مشق کی افتتاحی تقریب میں دونوں ممالک کے حکام نے شرکت کی، مشترکہ مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تجربات کے تبادلے کے ذریعے باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق مشق کا مقصد کاؤنٹر ٹیررازم کے شعبے میں تجربات کے تبادلے، حربی طریقہ کار اور مؤثر سی ٹی آپریشنز کی تکنیک کو مزید بہتر بنانا ہے۔
مشق میں شہری علاقوں میں جنگی کارروائیوں، نشانہ بازی اور آپریشنل نظریات کی ہم آہنگی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایسی مشترکہ مشقیں بدلتے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے، عسکری معیار کو بہتر بنانے اور پیچیدہ انسداد دہشت گردی ماحول میں افواج کی استعداد بڑھانےمیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
’انسپائرڈ گیمبٹ 2026 پاکستان اور امریکہ کے امن و استحکام کے لیے جاری تعاون کی عکاس ہے۔‘
