’مکہ بس‘ کا نیا روٹ جو مسجد الحرام کو حرا ثقافتی ڈسٹرکٹ سے جوڑتا ہے
نئے روٹ کا مقصد مذہبی اور ثقافتی مقامات کے درمیان رابطے کو بہتر بنانا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
مکہ بس پروجیکٹ نے زائرین کی سہولت کےلیے ’مکہ بس‘ کے ایک نئے روٹ کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق مسجد الحرام سے حرا ثقافتی ڈسٹرکٹ تک نئے روٹ کا مقصد مذہبی اور ثقافتی مقامات کے درمیان رابطے کو بہتر بنانا ہے۔
مکہ مکرمہ میں دنیا بھر سے آنے والے زائرین عمرہ کی ادائیگی کے بعد شہرِ مقدس کے اسلامی تاریخی مقامات کی زیارت کے لیے جاتے ہیں جن میں جبل النور اور جبل الثور سب سے اہم ہیں۔
جبل النور کی چوٹی پر غار حرا واقع ہے جبکہ اس کے دامن میں حرا کلچرل ڈسٹرکٹ قائم ہے، یہاں خصوصی طورپر غار حرا کا مجسم ماڈل بھی بنایا گیا ہے تاکہ وہ زائرین جو پہاڑ کی چوٹی پر نہ جاسکیں وہ یہاں غار کے ماڈل کو دیکھ سکیں۔
مکہ بس کا نیا روٹ حرا ثقافتی ڈسٹرکٹ تک براہ راست رسائی فراہم کرتا ہے جس میں وحی نمائش، قرآن میوزیم، غار حرا اور دیگر مقامات شامل ہیں۔
مکہ ٹرانسپورٹ کے تحت اس وقت شہرِ مقدس کے 12 روٹس پر بس سروس فراہم کی جاتی ہے۔ چار سو بسوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں 431 بس سٹیشنز ہیں جن کی مجموعی مسافت 580 کلو میٹر ہے۔ مکہ بس کے آغاز سے اب 188 ملین مسافروں کو ٹرانسپورٹ سروس مہیا کی جاچکی ہے۔
مکہ مکرمہ کے معروف مقام جبل النور پر جانے والے زائرین کی سہولت کے لیے نئے روڈ کا اضافہ مفید ثابت ہوگا جس کے ذریعے عمرہ زائرین مسجد الحرام سے براہ راست جبل النور اور حراء ثقافتی مرکز جاسکیں گے۔
اس منصوبے کا مقدصد رہائشیوں اور زائرین کو عالمی معیار کا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنے اور یہ سعودی وژن کے اہداف کے مطابق ہے۔
