Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بین الاقوامی برادری کی ہالینڈ میں سعودی سفارت خانے پر فائرنگ کی مذمت

اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم  اور دیگر ممالک کی جانب سے ہالینڈز کے شہر دی ہیگ میں واقع سعودی عرب کے سفارت خانے پر فائرنگ کی مذمت کی گئی ہے۔
آو آئی سی، متحدہ عرب امارات، مصر، اردن، پاکستان اور دیگر ممالک نے حملے کی مذمت کی۔ آو آئی سی نے ایک بیان میں ہالینڈ کے حکام پر زور دیا کہ وہ اس حملے ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔
خیال رہے جمعرات کو دی ہیگ میں سعودی سفاترخانے پر فائرنگ کی گئی تھی تاہم اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تھا۔
عرب نیوز نے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے حوالے سے بتایا ہے کہ جیسے ہی یہ ’بزدلانہ‘ حملہ کیا گیا سعودی سفارت خانے کے سکیورٹی اہلکاروں نے اس کی اطلاع نیدرلینڈز کی سکیورٹی سروسز کو کر دی۔ اس کے بعد اور سفارت خانے کی عمارت کو چاروں طرف سے گھیر لیا گیا۔
اس واقعے میں سعودی سفارت خانے کے سٹاف کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا اور سعودی حکومت نے اس حملے کو ’بزدلانہ‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

 

نیدرلینڈز کی پولیس نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے ہمیں اطلاع ملی کہ دی ہیگ میں ایک عمارت پر گولی چلی ہے۔ کوئی زخمی نہیں ہوا۔‘
سعودی حکومت نے کہا ہے کہ وہ تحقیقات کے نتائج کا انتظار کر رہی ہے اور امید کرتی ہے کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
نیدرلینڈز کی خبر رساں ایجنسی اے این پی نے پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ ’واقعے کی جگہ پر کئی گولیوں کے خول ملے ہیں۔‘
نیدرلینڈز کے مقامی میڈیا کے مطابق عمارت پر 20 گولیوں کے سوراخ دیکھے گئے ہیں اور کھڑکیوں میں لگنے والی گولیوں کی تصویریں بھی شائع کی گئی ہیں۔ چلائی گئی گولیوں کی تعداد کے بارے میں پولیس کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور فورینزک کی ٹیمیں تحقیقات کر رہی ہیں، جبکہ پولیس کے مطابق حملے کے مقصد کا ابھی تعین نہیں ہو سکا ہے۔
یہ واقعہ گذشتہ روز جدہ میں غیرمسلموں کے قبرستان پر ہونے والے حملے کے بعد پیش آیا ہے جس میں کم از کم تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

شیئر: