Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دو برس میں آٹھ لاکھ پاکستانیوں کو بیرونِ ملک بھجوانے کا ہدف‘

متحدہ عرب امارات میں 16 لاکھ پاکستانی ورکرز خدمات انجام دے رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
حکومت پاکستان نے آئندہ ایک سے دو برس کے دوران بیرون ملک بھیجے جانے والے والے ورکرز کی تعداد سالانہ آٹھ لاکھ تک پہنچانے اور ترسیلات زر سالانہ 30 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف طے کیا ہے۔
اردو نیوز کے پاس دستیاب دستاویزات کے مطابق اس وقت پاکستان بیورو آف امیگریشن کے ساتھ رجسٹرڈ بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکرز کی تعداد 80 لاکھ 60 ہزار ہے۔
ان اعداد و شمار کی روشنی میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ساتھ برطانیہ، امریکہ اور جنوبی افریقہ میں پاکستانی ورکرز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

 

سعودی عرب اب بھی پاکستانی ورکرز کی سب سے پہلی منزل ہے جہاں 27 لاکھ، 14 ہزار 684 پاکستانی ورکرز موجود ہیں۔ متحدہ عرب امارات 16 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی کے ساتھ دوسرے اور بحرین، قطر اور عمان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسرے نمبر پر آگیا ہے جبکہ برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا بالترتیب تیسرے چوتھے اور پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
برطانیہ میں پاکستانی ورکرز کی تعداد 11 لاکھ 75 ہزار، امریکہ میں 10 لاکھ جبکہ کینیڈا میں تین لاکھ 50 ہزار ہے۔
عمان دو لاکھ 44 ہزار 866، جنوبی افریقہ دو لاکھ، قطر ایک لاکھ 40 ہزار، اٹلی ایک لاکھ 30 ہزار 593 اور فرانس ایک لاکھ 20 ہزار پاکستانی ورکرز کی میزبانی کے ساتھ ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہیں۔
ان ممالک کے علاوہ آسٹریلیا، بحرین، جرمنی، کویت اور سپین ان ممالک میں شامل ہیں جہاں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی ورکرز موجود ہیں۔
مولڈووا میں سب سے کم پاکستانی ورکرز موجود ہیں جن کی تعداد صرف پانچ ہے۔ کیوبا میں سات، ہیٹی اور ہنڈراس میں نو نو جبکہ بارباڈوس میں 10 پاکستانی ورکرز کام کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق سال کے آخر تک دو لاکھ 25 ہزار ورکرز کو بیرون ملک بھجوانے کا امکان ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ان کے علاوہ 33 ممالک ایسے ہیں جہاں پاکستانیوں کی تعداد 100 سے کم ہے۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کے حکام نے بتایا ہے کہ ’رواں سال کورونا کی وجہ سے بہت کم پاکستانی ورکرز بیرون ملک جا سکے ہیں، پھر بھی کوشش ہے کہ اس سال کے آخر تک یہ تعداد دو لاکھ 25 ہزار، اگلے سال چار لاکھ اور اس سے اگلے سال آٹھ لاکھ تک پہنچ جائے۔‘
’اس مقصد کے لیے سفارتی کوششوں کے ذریعے بیرون ملک ملازمتوں کے لیے نئی مارکیٹس تلاش کی جائیں گی۔ جرمنی، جاپان، کینیڈا، آسٹریا، رومانیہ، اور ڈنمارک جیسے ممالک میں پاکستانی ورکرز کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ ’اس وقت آٹھ ایسے ممالک ہیں جن کے لیے سالانہ ایک ہزار سے زائد پاکستانی ورکرز رجسٹر ہوتے ہیں۔ اس تعداد کو اگلے ایک سال میں 12 ممالک اور دو سے تین سال کے عرصے میں 20 ممالک تک لے کر جانے کا ارادہ ہے۔‘

سعودی عرب میں 27 لاکھ 14 ہزار 684 پاکستانی ورکرز موجود ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

حکام کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر ایسے ممالک جہاں پر پاکستانی ورکرز کی ڈیمانڈ زیادہ ہے ان کو بیورو آف امیگریشن کے آن لائن جاب پورٹل کے ساتھ لنک کیا جائے گا تاکہ ریکروٹمنٹ کے عمل میں مزید شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق ’وزارت سمندر پار پاکستانیز نے بیرون ملک مقیم ورکرز کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے بھی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ نئے جانے والے ورکرز کو ہنر سکھانے کے حوالے سے ’نیوٹیک‘ اور ’ٹیوٹا‘ کے کردار کو بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
’اس مقصد کے لیے جدید نصاب کی تیاری، نمل یونیورسٹی کے ساتھ مل کر غیر ملکی زبانیں سکھانے کے کورسز سمیت کئی دیگر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘
وزارت کے حکام نے بتایا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکرز کی شکایات کی روشنی میں تمام ممالک میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے پرفارمنس آڈٹ کروایا جا رہا ہے۔‘

‘حکومت آئندہ برس چار لاکھ ورکرز کو بیرون ملک بھجوانے کا ارادہ رکھتی ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’یہ جائزہ دسمبر 2020 تک مکمل ہو جائے گا اور رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ اس جائزے میں کی گئی سفارشات کی روشنی میں مزید اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔‘
حکام کے مطابق ’ملک میں ایسے اقدامات اور قانون سازی کی جا رہی ہے جس سے رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران نو ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر آئی ہیں جن کو سال کے آخر تک 24 ارب ڈالر اور اگلے دو سے تین سال میں 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔‘
’اس مقصد کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے اجرا کے علاوہ نیشنل ریمیٹینس لائلٹی پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکرز رقوم کی پاکستان منتقلی کے لیے قانونی ذرائع ہی استعمال کریں۔‘
حکام نے بتایا ہے کہ ’صرف بیرون ملک ہی نہیں بلکہ پاکستان کے اندر بھی سمندر پار پاکستانی ورکرز کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین سال میں ترسیلاتِ زر 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

’ملک کی پہلی امیگریشن پالیسی کی تشکیل حتمی مراحل میں ہے۔ زمین جائیداد کے تنازعات کے جلد حل کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔‘
حکام کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکرز کے لیے انصاف صحت کارڈ کے اجرا کی تجویز بھی زیر غور ہے جبکہ اگلے مرحلے میں ان کے اہل خانہ کو بھی اس سکیم میں شامل کیا جائے گا۔
’بیرون ملک پاکستانی ورکرز کی رہائشی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلام آباد اور لاہور کی او پی ایف سکیموں میں مکانات اور اپارٹمنٹس کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں سی ڈی اے کے ذریعے دو اوورسیز رہائشی سیکٹرز بھی شروع کیے جائیں گے۔‘

شیئر: