Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میں صدر رہتا ہوں یا نہیں یہ وقت ہی بتائے گا: ڈونلڈ ٹرمپ

’اگر آپ قانونی ووٹوں کی گنتی کریں تو میں آسانی سے جیت جاؤں گا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن سے شکست تسلیم نہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ہی بتائے گا کہ مستقبل میں وہ امریکہ کا صدر رہتے ہیں یا نہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعے کو صدر ٹرمپ نے روز گارڈن میں کورونا وائرس ویکسین کی منظوری کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوبارہ وبا کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ نہیں کریں گے۔
اس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ’مستقبل میں جو کچھ بھی ہوتا ہے، کون جانتا ہے کہ کون سی انتظامیہ برسراقتدار ہوگی، میرے خیال میں یہ وقت ہی بتائے گا۔‘

 

دو روز قبل ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کچھ اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے ایک بار پھر یہ الزام عائد کیا تھا کہ ان کے ووٹس کو باقاعدہ طور پر چوری کیا گیا ہے۔
اس سے قبل امریکہ میں صدارتی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی کے عمل کے دوران بھی انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اگر آپ قانونی ووٹوں کی گنتی کریں تو میں آسانی سے جیت جاؤں گا، وہ انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کر رہے ہیں اور ہم ایسا نہیں ہونے دے سکتے ہیں‘۔
جمعے کو ٹرمپ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے حمایتیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’الیکشن میں دھاندلی ہوئی‘ اور انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ ’میں سنیچر کو ہونے والی ریلیوں میں ہیلو کہنے کے لیے جاؤں۔‘
سنیچر کو کئی گروپوں نے الیکشن میں ’دھاندلی‘ کے خلاف ریلیاں نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
ملک بھر میں انتخابی سلامتی کے ذمہ دار سرکاری عہدیداروں نے صدر ٹرمپ اور ریبپلکن کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی میں تین نومبرکو ہونے والے صدارتی الیکشن تاریخ کے محفوظ ترین الیکشن تھے۔

شیئر: